رسائی کے لنکس

امریکہ کرونا وائرس کے ماخذ کی تلاش کے معاملے پر سیاست کر رہا ہے: چین


چین کے شہر ووہان میں قائم لیبارٹری کے باہر سیکیورٹی اہل کار نگرانی کر رہے ہیں۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس اس لیب سے لیک ہوا تھا۔ یکم جون 2021
چین کے شہر ووہان میں قائم لیبارٹری کے باہر سیکیورٹی اہل کار نگرانی کر رہے ہیں۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس اس لیب سے لیک ہوا تھا۔ یکم جون 2021

چین نے کرونا وائرس کی ابتدا سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ امریکہ اس معاملے پر سیاست کر رہا ہے۔

اس سے قبل امریکہ نے کہا تھا کہ وہ کرونا وائرس کی شروعات سے متعلق اپنی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی باریک بینی سے کی جانے والی تحقیق کے نتائج عوام کے سامنے پیش کرے گا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے منگل کے روز کہا کہ امریکہ کی طرف سے تواتر کے ساتھ اس طرح کے سوالات اٹھائے جانے کا مقصد صرف اپنے ملک میں وبا پر قابو پانے میں ناکامی سے توجہ ہٹانا اور چین پر دباؤ ڈالنے کے لیے اس پر الزام لگانا ہے۔

وانگ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سیاست سے امریکہ اور اس کے عوام کو نقصان پہنچے گا اور وبا کے ماخذ کو تلاش کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی ہوں گی، جس کا نتیجہ صرف ناکامی کی صورت میں نکلے گا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن میڈیا کر بریفنگ دے رہے ہیں۔ فائل فوٹو
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن میڈیا کر بریفنگ دے رہے ہیں۔ فائل فوٹو

گزشتہ ہفتے ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ کے دورے پر جاتے ہوئے صدر بائیڈن نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ وہ 90 روزہ تحقیقات کے نتائج لوگوں کے سامنے لائیں گے۔

صدر نے ان بڑھتی ہوئی قیاس آرائیوں کے پیش نظر کہ کووڈ-19 ممکنہ طور پر چین کی ایک لیبارٹری سے لیک ہوا تھا، گزشتہ بدھ کو ایک نئی تحقیق کا حکم دیا تھا۔

اس سال مارچ میں عالمی ادارہ صحت اور چینی ماہرین نے اپنی پہلی رپورٹ جاری کی تھی جس میں وائرس کی ابتدا کے بارے میں چار نظریات پیش کیے گئے تھے۔ رپورٹ میں کہا تھا کہ زیادہ امکان یہ ہے کہ وائرس چمگادڑوں سے کسی اور جانور کے توسط سے انسانوں میں منتقل ہوا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ یہ سراسر بعید از امکان ہے کہ وائرس لیبارٹری سے نکلا۔

صدر بائیڈن نے پچھلے ہفتے امریکی انٹیلی جنس کے عہدے داروں سے کہا تھا کہ وہ کووڈ-19 کے ماخذ کا پتا لگانے کے لیے اپنی کوششوں میں اضافہ کر دیں، جس کا دائرہ ممکنہ طور پر چین کی لیباٹری تک بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔

صدر جو بائیڈن کرونا وائرس پر کنٹرول کے اقدامات سے متعلق الیگزنڈریا میں گفتگو کر رہے ہیں۔ 27 مئی 2021
صدر جو بائیڈن کرونا وائرس پر کنٹرول کے اقدامات سے متعلق الیگزنڈریا میں گفتگو کر رہے ہیں۔ 27 مئی 2021

ووہان کے دورے کے بعد عالمی ادارہ صحت کی تحقیق کو جنیوا میں امریکی مشن نے ناکافی قرار دیتے ہوئے ماہرین کی نگرانی میں بروقت، شفاف اور شواہد پر مبنی ایک اور تحقیق کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

کرونا وائرس کیسے اور کہاں سے شروع ہوا؟ ابھی تک اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ماہرین کے ایک گروپ کو شبہ ہے کہ کووڈ-19 چین کے شہر ووہان میں قائم وائرس کی تحقیق سے متعلق لیبارٹری سے نکلا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ اخراج کسی حادثے کا نتیجہ تھا یا اس کا سبب غیر ذمہ داری تھا یا ایسا جان بوجھ کر کیا گیا۔

چین ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے بیجنگ کے خلاف بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈے کا نام دیتا ہے۔

گزشتہ ہفتے وال سٹریٹ جرنل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ووہان کی وائرولوجی لیبارٹری کے کچھ افراد وبا پھوٹ پڑنے سے ایک مہینہ پہلے بیمار ہو گئے تھے۔ رپورٹ میں اس شبے کا اظہار کیا گیا ہے کہ انہیں غالباً یہی وائرس منتقل ہوا تھا۔

کیا کرونا ویکسین کی تقسیم چین کی اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:53 0:00

اس سے قبل مغربی میڈیا کی ایک اور رپورٹ میں وائرس کے پھیلاؤ کی ذمہ داری کرپشن اور بدعنوانی پر ڈالتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ووہان کی وائرولوجی لیب میں وائرس سے متعلق تجربات میں استعمال ہونے والے جانوروں کو بعد ازاں تلف کر دیا جاتا ہے تاکہ وائرس لیب سے باہر نہ نکلے۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایسے شواہد موجود ہیں کہ بعض افراد انہیں ہلاک کرنے کی بجائے چوری چھپے زندہ جانوروں کی خرید و فروخت کرنے والی مارکیٹ میں بیچ دیتے ہیں۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ ووہان میں کرونا وائرس کی شروعات زندہ جانوروں کی ایک مارکیٹ سے ہوئی۔

چین میں تقریباً ہر طرح کے جانور انسانی خوراک بن جاتے ہیں، اس لیے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا کہ وائرس مارکیٹ میں لائے جانے والے کسی جانور سے انسانوں میں منتقل ہوا۔

چین نے سرکاری طور پر 2019 میں عالمی ادارہ صحت کو وبا پھوٹنے کی اطلاع دی تھی۔ جس کے بعد ماہرین پر مشتمل عالمی ادارے کی ایک ٹیم نے ووہان لیب کے تفصیلی معائنے کے بعد ان شہبات کو خارج از امکان قرار دیا تھا کہ وائرس لیبارٹری سے لیک ہوا ہے۔ تاہم کئی ماہرین نے عالمی ادارہ صحت کی اس رپورٹ پر سوالات اٹھائے تھے۔

XS
SM
MD
LG