رسائی کے لنکس

امریکہ: نیشوِل دھماکے کا ملزم جائے وقوعہ پر ہی ہلاک


امریکی حکام نے بتایا ہے کہ انہوں نے اس شخص کی شناخت 63 سالہ انتھونی کوئن وارنر کے طور پر کی ہے جس نے کرسمس کو علی الصبح ریاست ٹینیسی کے شہر نیشوِل کے تجارتی علاقے میں گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔

حکام نے اتوار کو نیشوِل میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ وارنر نے یہ واردات اکیلے انجام دی اور اس کارروائی کا مقصد تاحال معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

مڈل ڈسٹرکٹ کے اٹارنی ڈونلڈ کوکرن کے مطابق انتھونی وارنر نامی شخص بمبار ہے۔ اور جب بم پھٹا وہ اس وقت گاڑی میں ہی موجود تھا جس سے وہ ہلاک ہو گیا۔

تحقیقات کاروں نے وارنر کا تعلق اس دھماکے سے ثابت کرنے کے لیے ڈی این اے اور دیگر شواہد استعمال کیے ہیں۔ انہوں نے دھماکے سے 18 کلومیٹر دور انٹیوک کے مضافاتی علاقے میں وارنر کے گھر کی بھی تلاشی لی ہے۔ نیشوِل کا یہ علاقہ کنٹری میوزک بارز اور ریستورانوں پر مشتمل ہے۔

وارنر کے کئی پڑوسیوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے ہلکے رنگ کی تفریحی گاڑی کو کئی مہینوں وارنر کے گھر کے عقبی دالان میں دیکھا ہے جو جمعے کے روز دھماکے میں تباہ ہو گئی۔

پڑوسیوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ اپنی گاڑی کے ساتھ ایک انٹینا بھی نصب کرتا ہوا نظر آیا۔

حکام نے بتایا ہے کہ وہ اب بھی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم وہ کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے۔

پبلک ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ وارنر کو الیکٹرانکس کا تجربہ تھا اور مبینہ طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی ملازمت کر چکا تھا۔

تحقیقات کاروں کو اس بارے میں معلوم نہیں کہ وارنر نے اس اقدام کے لیے جو ان کے بقول سوچا سمجھا تھا، نیشویل کے ڈاؤن ٹاؤن کا انتخاب کیوں کیا؟

ایک خیال یہ ہے کہ اس دھماکے کا ہدف اے ٹی اینڈ ٹی کمیونی کیشن کی عمارت تھی کیوں کہ جس گاڑی میں دھماکہ ہوا وہ اس کے قریب پارک کی گئی اور دھماکے کی وجہ سے کئی ریاستوں میں سروس متاثر ہوئی جو اتوار کی سہ پہر تک بحال کر دی گئی۔

نیشوِل کے میئر جان کوپر نے 'سی بی ایس' نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے ٹی اینڈ ٹی بلڈنگ کے سامنے دھماکہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ کمیونی کیشن سروس پر حملہ تھا۔

جمعے کو ہونے والے اس دھماکے میں درجنوں عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا جب کہ پولیس کے مطابق تین افراد کو اسپتال بھجوایا گیا جو اس دھماکے میں زخمی ہوئے تھے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر تھی۔

XS
SM
MD
LG