رسائی کے لنکس

لیڈی ڈیانا اور پاکستانی نژاد برطانوی سرجن، نئی فلم کا موضوع


ڈیانا کی زندگی پرتازہ ترین کوشش ہے اولیور ہرش بیجل کی فلم جس میں نومی واٹس نے ڈیانا کا کردار نبھایا ہے۔

پریوں جیسے لازوال حسن اور خوبصورتی کی مالک برطانیہ کی شہزادی ڈیانا کی زندگی کسی فلمی کہانی کی طرح محبت، محرومی، حسد ،دھوکے اور مختلف تنازعات سے گزرتی ہوئی آخر کار ڈرامائی انداز میں ہی ختم ہوگئی۔۔۔ لیکن لیڈی ڈیانا کا شمار ان گنے چُنے شخصیات میں ہوتا ہے جن کے دنیا سے گزر جانے کے باوجود چرچے ختم نہیں ہوتے۔۔ اور ان کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں ہوتی۔

پیرس میں سن 1997ء میں ایک پراسرار کار ایکسیڈنٹ میں لیڈی ڈیانا کی موت ہوئی جس کے بعد نہ ختم ہونے والی قیاس آرائیوں اور اندازوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ لیکن حقیقت کیا تھی یہ اب تک کوئی جان نہیں پایا۔ ڈیانا کی زندگی اور اسی واقعے پرتازہ ترین کوشش ہے اولیور ہرش بیجل کی فلم جس میں نومی واٹس نے ڈیانا کا کردار نبھایا ہے۔

پبلسٹی فرم” انسائیکلومیڈیا “ کے مطابق ”فلم میں ڈیانا کی زندگی کے آخری دو سالوں اور پاکستانی نژاد ہارٹ سرجن حسنات خان سے ان کی محبت کو موضوع بنایا گیا ہے۔ پاکستانی کرکٹر اور سیاستدان عمران خان کی سابقہ بیوی اور ڈیانا کی قریبی دوست جمائمہ خان کا کہنا ہے کہ ڈیانا ڈاکٹر حسنات سے دیوانوں کی طرح محبت کرتی تھیں۔ا ن دونوں کا تعلق دوسال تک چلا۔

ڈیانا کی ایک اور دوست روزا مونکٹن کے مطابق ڈیانا اپنے دوست ڈوڈی الفائد سے زیادہ ڈاکٹر حسنات کی باتیں کرتی رہتی تھیں۔ شاید انہوں نے الفائد سے دوستی بھی اسی لئے کی تھی کہ وہ ڈاکٹر حسنات کو ”جیلسی فیل“ کرانا چاہتی تھیں۔

ڈیانا کی ڈاکٹر حسنات کے لئے غیرمعمولی محبت کی بڑی وجہ شاید یہ تھی کہ ڈاکٹر حسنات ڈیانا کی زندگی میں آنے والے وہ واحد مرد تھے جس نے ان سے کبھی بے وفائی نہیں کی۔

دوسری طرف روزنامہ ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر حسنات نے فلم پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں ہماری دوستی اور حقائق کو غلط رنگ اور انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر حسنات کا یہ بھی کہنا تھا کہ لیڈی ڈیانا اور وہ صرف اچھے دوست تھے۔

لیڈی ڈیانا کے پرستار بے صبری سے ان کے بارے میں بنائی گئی فلم کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں۔ پاکستان میں فلم’ ایچ کے سی انٹرٹینمنٹ‘ ریلیز کررہا ہے جبکہ فلم کی پبلک ریلشننگ کی ذمہ داری ”انسائیکلومیڈیا “ کے سپرد ہے۔
XS
SM
MD
LG