رسائی کے لنکس

ملک کی تقدیر بدلنی ہے تو گھر سے نکلیں، ’چنبیلی‘ کا پیغام


پاکستان فلم انڈسٹری مسلسل زوال پذیر ہے۔ اور اب حال یہ ہے کہ کئی کئی سالوں بعد ایک فلم ریلیز ہوتی ہے۔ ان حالات میں فلم بننا اور ہٹ ہو جانا ہی ایک کارنامہ ہے اور ’چنبیلی‘ نے یہ کارنامہ کر دکھایا

’چنبیلی‘ گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ہےجس کا پیغام ایک لائن کا مگر بہت ضروری اور اہم ہے۔ یہ پیغام ہے پاکستان کے ان لوگوں کے نام جو ووٹ ڈالنے کے لئے گھر سے نہیں نکلتے۔ فلم کو پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے موقع پر ریلیز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ پیغام اور زیادہ اہم ہوگیا ہے۔

پاکستان فلم انڈسٹری مسلسل زوال پذیر ہے۔ اور اب حال یہ ہے کہ کئی کئی سالوں بعد ایک فلم ریلیز ہوتی ہے۔ ان حالات میں فلم بننا اورہٹ ہوجاناہی ایک کارنامہ ہے اور ’چنبیلی‘ نے یہ کارنامہ کردکھایا۔

جیو فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کا پریمیئرایٹریم سنیما کراچی میں ہوا جس میں فلم کی کاسٹ، کرو اور پروڈکشن ٹیم کے علاوہ شو بز کی بہت سی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ فنکاروں کے مطابق ’چنبلی‘ پاکستانی سینما کے سنہرے دور کا آغاز ہے۔

چنبلی کی کہانی پاکستان کے معاشرے کے دکھ سکھ کی کہانی ہے جس میں سماج، سیاست اور معیشت میں موجود اچھائیوں اور برائیوں کو بڑے خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیاہے۔

الیکشن کی گہما گہمی کے دوران پاکستان بھر کے سینما گھرو ں کی زینت بننے والی ’چنبلی‘ سینما سے روٹھے ہوئے شائقین کو ایک بار پھر سینما ہالز میں لانے میں کامیاب رہی ہے۔

فلم کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی کا کہنا ہے کہ یہ فلم ان لوگوں کے لئے ہے جو ملک کی تقدیر تو بدلنا چاہتے ہیں لیکن ووٹ دینے کے لئے گھروں سے نہیں نکلتے اور اس کے نتیجے میں اقتدار نااہل لوگوں کے ہاتھوں میں چلاجاتا ہے۔

فلم کے مصنف اور مرکزی کردار شہزاد نواز کے مطابق ’چنبیلی‘ مصالحہ فلم نہیں۔ لیکن، یہ سچائی اور وطن سے محبت کے جذبے سے بھرپور ہے۔

اسماعیل جیلانی کی ڈائریکشن میں بننے والی ’چنبلی‘ کو پروڈیوس کیا ہے عبداللہ کادوانی اور شہزاد نواز نے جبکہ کاسٹ میں شامل ہیں سلمان پیرزادہ، خالد احمد، مائرہ خان، شفقت چیمہ، علی طاہر، عمیر رانا، صاعقہ خیام اور سعدیہ حیات۔

پوری ٹیم کی محنت فلم میں جابجا نظر آتی ہے۔ اس فلم سے یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ پاکستان میں بھی معیاری فلمیں بن سکتی ہیں۔ معروف گلوکار شہزاد رائے کے مطابق ’چنبیلی‘ کے ذریعے سوچ کا ایک نیا پہلو اْجاگر ہوتا ہے۔
XS
SM
MD
LG