رسائی کے لنکس

افغان سکیورٹی فورسز میں اضافے کا نیا منصوبہ


افغانستان میں پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کی تعداد میں نمایاں اضافے کے لیےایک منصوبے کی منظوری دی گئی ہے جس کےتحت اگلے سال کے آخر تک 70 ہزار نئے فوجیوں کو بھرتی کرکےافغان نیشنل آرمی کی تعداد بڑھا کر ایک لاکھ 72 ہزار کردی جائے گی۔

اقوام متحدہ اور افغان نمائندوں پر مشتمل جوائنٹ کوآرڈینیشن اینڈ مانٹرنگ بورڈ (Joint Coordinatgion and Monitoring Board) نے یہ منصوبہ تیار کیا ہے اور اس کا اعلان ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب آئندہ ہفتے28 جنوری کو لندن میں افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

کابل میں برطانیہ کے سفیر مارک سیڈوِل نے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ اس عالمی کانفرنس میں افغانستان کے بعض علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری افغان سکیورٹی فورسز کو منتقل کرنے کا ٹائم ٹیبل طے کیا جائے۔

برطانوی سفیر کے بقول کانفرنس کے دوران افغانستان کو مالی امداد دینے والے امیر ممالک میں اس بات پر اتفاق کا امکان بھی ہے کہ تشدد کی راہ ترک کرنے والے طالبان عسکریت پسندوں کو افغان معاشرے کا ایک فعال اور مفید رکن بنانے کے افغان حکومت کے نئے منصوبے کے لیے مزید رقم فراہم کی جائے۔

توقع ہے کہ لندن کانفرنس سے خطاب میں افغان صدر حامد کرزئی اپنے اس نئے منصوبے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

XS
SM
MD
LG