ایک بین الاقوامی امدادی تنظیم کاکہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے شمالی افغانستان میں چھ امریکیوں سمیت اس کی ٹیم کے آٹھ ارکان کو ہلاک کردیا ہے۔ مرنے والوں میں ایک جرمن،ایک برطانوی اوران کے دو افغان مترجم بھی شامل ہیں۔
انٹرنیشنل اسسٹنس نامی اس تنظیم کے ڈائریکٹر ڈیرک فرانس نے بتایا کہ یہ طبی عملہ نورستان میں امراض چشم کے ایک کلینک سے واپس کابل آرہا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ان کی تنظیم 1966ء سے افغانستان میں کام کررہی ہے اور یہ واقعہ افغانوں کی خدمت کی کوششوں پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔
طالبان کے ایک ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ امریکہ کے لیے جاسوسی اور علاقے میں عیسائیت کی تبلیغ کررہے تھے۔
ڈیرک فرانس کے مطابق مرنے والوں میں ٹیم کے سربراہ نیویارک سے تعلق رکھنے والے ٹام لٹل بھی شامل ہیں جو تین دہائیوں سے افغانستان میں کام کررہے تھے۔ انھیں ملک میں عیسائیت کی تبلیغ کے الزام میں طالبان نے اگست 2001ء میں چھ جرمن باشندوں کے ہمراہ افغانستان سے نکال دیا تھا تاہم وہ نومبر میں واپس آ گئے جب طالبان کی حکومت ختم ہوچکی تھی۔
صوبائی پولیس کے سربراہ آغا نور کاکہنا ہے کہ گولیوں سے چھلنی تین گاڑیوں کے قریب آٹھ غیرملکیوں سمیت دس افراد کی لاشیں جمعے کے روز ملی تھیں لاشیں ملی ہیں ۔