رسائی کے لنکس

شاہ رخ خان 'زیرو' کی ناکامی کا غم نہیں بھلا سکے


بالی ووڈ اداکار شاہ رُخ کا کہنا ہے کہ فلم 'زیرو' کی ناکامی سے انہیں صدمہ پہنچا ہے۔ چار ماہ گزر جانے کے باوجود بھی وہ یہ غم بھلا نہیں سکے۔

شاہ رُخ خان کا کہنا تھا کہ فلم کی ناکامی سے انہیں اس قدر دکھ پہنچا ہے کہ اب تک وہ کوئی نئی فلم سائن نہیں کرسکے۔ اور آئندہ دو تین ماہ تک بھی وہ کوئی نیا پروجیکٹ کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ان کہنا تھا کہ وہ اگلے کچھ ماہ گھر پر ہی رہیں گے اور اپنی فیملی کو زیادہ سے زیادہ وقت دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچوں کی کالج لائف بھی ختم ہونے جارہی ہے۔ سہانا کا کالج ختم ہونے کو ہے جبکہ بیٹا آریان اس سال کالج سے فارغ ہو جائے گا۔ اس لئے وہ زیادہ وقت بچوں کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔

شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ پہلے ان کا ارادہ تھا کہ جون میں دوبارہ شوٹنگ شروع کردیں گے لیکن اب لگتا ہے کہ جون میں بھی شاید یہ ممکن نہ ہوسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب وہ کوئی بھی فلم سوچ سمجھ کر سائن کریں گے۔ اس دوران انہیں مختلف سکرپٹ دکھائے گئے ان میں سے کچھ موضوع اچھے بھی ہیں۔ لیکن انہوں نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

فلم زیرو بیجنگ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں نمائش کے لئے منتخب ہوچکی ہے لیکن شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ اگر فلم چین میں ریلیز نہ بھی ہوتی تب بھی وہ چین ضرور جاتے۔

زیرو کی ناکامی کے حوالے سے شاہ رخ کا کہنا تھا ہم نے فلم بہت محنت اور لگن سے بنائی تھی لیکن کچھ لوگوں کو یہ پسند نہیں آئی۔

فلم دسمبر میں ریلیز ہوئی تھی اور تبھی سے شاہ رخ فلمی سرگرمیوں سے دور ہیں۔

فلم زیرو پر دو سو کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے جبکہ فلم نے دنیا بھر میں 186 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

فلم کے ڈائریکٹر آنند رائے تھے جبکہ کاسٹ میں شاہ رخ کے علاوہ کترینہ کیف اور انوشکا شرما بھی شامل تھیں ۔

XS
SM
MD
LG