رسائی کے لنکس

بڑھاپے میں جوڑا الگ رہنے پر مجبور


چونکہ اس علاقے میں ایک ہی نرسنگ ہوم میں میرے دادا اور دادی کے لیے کمرہ دستیاب نہیں ہے اور دیکھ بھال کے نظام میں تاخیر کی وجہ سے وہ پچھلے آٹھ ماہ سے ایک دوسرے سے علحیدہ رہنے پر مجبور ہیں

بدھ کے روز ایک بزرگ جوڑے کی جذباتی تصویر آن لائن شیئر کی گئی ہےجس میں دونوں میاں بیوی اپنی آنکھوں سے آنسو پونچھ رہے ہیں۔ اس تصویر کو اب تک نو ہزار سے زائد مرتبہ شیئر کیا گیا ہے۔

تاہم، تصویر کے پیچھے کی کہانی اس سے کہیں زیادہ دردناک ہے۔

یہ تصویر بزرگ شادی شدہ جوڑے 83 سالہ وولف اور 81 سالہ انیتا گوٹز چاک کی ہے جن کا تعلق کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے شہر سرئے سے ہے۔

وہ پچھلے 62 سالوں سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ لیکن، بڑھاپے میں انھیں ان کی مرضی کے خلاف الگ الگ نرسنگ ہوم میں رہنے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔

وولف اور انیتا کی پوتی ایشیلے بارتک نے اپنے فیس بک کے صفحے پر دادا اور دادی کی تصویر کو اس تحریر کے ساتھ شیئر کیا ہے کہ ''میں نے اتنی غم زدہ تصویر پہلے کبھی نہیں اتاری''۔

وہ اس تصویر کے ذریعے اپنے دادا اور دادی کی حالت زار پر عوامی توجہ مبذول کرانا چاہتی تھیں۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ''یہ میرے دادا اوپی اور میری دادی اومی ہیں؛ اور تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ وہ اپنے آنسو پونچھ رہے ہیں۔ لیکن، وہ کیوں رو رہے ہیں''؟

''یہ تصویر میں نے نرسنگ ہومز میں داخلہ حاصل کرنے کے لیے انتظار کی عبوری سہولت گاہ میں لی ہے جہاں میرے دادا اسوقت موجود ہیں''۔

چونکہ اس علاقے میں ایک ہی نرسنگ ہوم میں میرے دادا اور دادی کے لیے کمرہ دستیاب نہیں ہے اور دیکھ بھال کے نظام میں تاخیر کی وجہ سے وہ پچھلے آٹھ ماہ سے ایک دوسرے سے علحیدہ رہنے پر مجبور ہیں۔

ایشیلے نے لکھا ہے کہ ''وہ جب بھی ملتے ہیں ایک دوسرے کو دیکھ کر روتے ہیں اور یہ بہت دلخراش منظر ہوتا ہے''۔

ایشیلےکی تصویر نے نا صرف مقامی کمیونٹی کی توجہ حاصل کی ہے، بلکہ ان کے اس جذباتی پوسٹ کو بین الاقوامی سطح پر بھی ہزاروں مرتبہ شیئر کیا گیا ہے۔

انھوں نے سی این این کو بتایا کہ ان کے دادا کو جنوری میں دل کے دورے کے بعد اعلیٰ سطح کی دیکھ بھال کے لیے ییل روڈ نرسنگ سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ دادی کا نرسنگ ہوم 30 منٹ کی دوری پر واقع ہے۔

ایشیلے کل وقتی طور پر دادای کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سنبھالتی ہیں اور عام طور پر اپنی دادای کو ہر دوسرے روز دادا سے ملواتی ہیں تاکہ وہ ایک دوسرے کو دیکھ سکیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ''ہمارے ہاتھوں سے وقت نکلتا جا رہا ہے کیونکہ اسی ہفتے انھیں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ میرے دادا پہلے سے یاداشت کی بیماری ڈیمنیشا میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ان کی یادیں دھندلانے لگی ہیں اوراب خاندان کو یہ ڈر ہے کہ اگر وہ زیادہ عرصہ ایک دوسرے سے جدا رہتے ہیں تو ان کے لیے دادای کو پہچانا بھی مشکل ہوجائے گا اور یہ صورتحال ہمارے لیے بہت تکلیف دہ ہوگی''۔

ایشیلے کہتی ہیں کہ وہ اپنے دادا اور دادی کے لیے انصاف چاہتی ہیں جو اپنی زندگی کے62 سال ایک دوسرے کے ساتھ گزارنے کے بعد اپنے زندگی کے آخری لمحات ایک دوسرے کے ساتھ گزارنے کے مستحق ہیں۔

ایشیلے نے برزگ جوڑے کو واپس ملانے کے لیے فیس بک پر اپنے برٹش کولمبیا کی فریصر ہیلتھ حکام سے التجا کی ہے وہ لکھتی ہیں کہ میری دادی نے بھی اسی نرسنگ ہوم میں اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کی درخواست دی ہےجبکہ علاقائی ہیلتھ حکام کے پاس میرے دادا کو میری دادی کے دیکھ بھال کے مرکز میں منتقل کرنے کا بھی اختیار حاصل ہے۔

فریصر ہیلتھ کے حکام نے سی این این کو بتایا کہ ہم جوڑے کو ملانے کے لیے ایک ہی چھت کے نیچے ان کی رہائش کا بندوبست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG