رسائی کے لنکس

'بیوی کے ساتھ کام کر کے فلم کا سیٹ بھی گھر جیسا لگنے لگا ہے'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ اداکار اجے دیوگن اور ان کی اہلیہ کاجول کی جوڑی آپ کو بہت جلد فلمی پردے پر نظر آئے گی۔ دونوں فنکار کئی برسوں بعد ایک ساتھ فلم میں کام کر رہے ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے 'آئی اے این ایس' کی ایک رپورٹ کے مطابق کاجول اور اجے دیوگن کی جوڑی فلم 'تانا جی: دی ان سنگ وارئیر' میں جلوہ گر ہو گی جو اگلے سال 10 جنوری کو ریلیز ہوگی۔

یہ اجے دیوگن کی 100 ویں فلم ہے جو فی الحال شوٹنگ کے آخری مراحل میں ہے۔

دونوں میاں بیوی کے ایک ساتھ کام کرنے سے متعلق ایک سوال پر اجے دیوگن کا کہنا تھا کہ "فلم کا سیٹ بھی گھر جیسا لگنے لگا ہے۔ وہی نوک جھونک، وہی ہر بات پے تکرار۔ ہم میاں بیوی کو سب کے سامنے بھی اسی طرح کا رویہ اختیار کرنا پڑ رہا ہے جیسے گھر میں رکھتے ہیں۔"

فلم 'تاناجی' میں اجے دیوگن نے مراٹھوں کے فوجی افسر 'تاناجی ما لوسرے' کا کردار ادا کیا ہے جب کہ کاجول نے ان کی اہلیہ 'ساوتری بائی' کا رول کیا ہے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں سیف علی خان، شردھ کیلکر شامل ہیں۔ فلم کو اوم راوت نے ڈائریکٹ کیا ہے جب کہ پروڈیوسر اجے دیوگن کے قریبی دوست روہت شیٹھی اور معاون پروڈیوسرز بھوشن کمار اور کمار مانگٹ ہیں۔

کاجول اور اجے ماضی میں ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کر چکے ہیں جن میں 'پیار تو ہونا ہی تھا'، 'دل کیا کرے'، اور 'یو، می اور ہم' شامل ہیں۔

فلم سے متعلق اجے دیوگن کا کہنا ہے کہ "یہ فلم نا صرف میرے کیریئر کی 100ویں فلم ہے بلکہ میرے لیے یہ ایک خاص مقام رکھتی ہے۔ کیوں کہ جب آپ تاناجی جیسے تاریخی کردار ادا کر رہے ہوں تو آپ کی ذمے داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ بلاشبہ تاناجی ایک عظیم جنگجو تھے۔"

فلم میں اجے نے کچھ ناقابل یقین اسٹنٹس خود کیے ہیں جس کے لیے کسی ڈپلیکیٹ ایکٹر استعمال نہیں کیا گیا۔

اجے کا کہنا ہے کہ اسٹنٹس کے دوران وہ کئی بار زخمی بھی ہوئے۔ ان کی ایک ٹانگ تو ابھی تک پوری طرح ٹھیک بھی نہیں ہوئی۔

اس سوال پر کہ اجے نے تانا جی کے کردار کو ادا کرنے کے لیے کیا تیاری کی تھی؟ پر اُن کا کہنا تھا کہ "میں نے صرف اپنے ڈائریکٹر کو پوری طرح فالو کیا اور تانا جی سے متعلق کتابیں اور دستاویزات کا مطالعہ کیا۔ فلم میں تاناجی کے رویوں سے متعلق معلومات دستیاب نہیں لہذا اس کے لیے آپ کو تصور کی آنکھ استعمال کرنا ہوگی۔

سیف علی کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے اجے کا کہنا تھا کہ وہ سیف علی کے ساتھ ماضی میں فلم 'کچے دھاگے'، 'ایل او سی'، 'کارگل' اور 'اوم کارا' میں کام کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG