رسائی کے لنکس

بیس ہزار کے قریب ملازمین کو کرونا ہو چکا ہے: ایمیزون


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دنیا میں آن لائن خرید و فروخت کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سرِ فہرست ایمیزون نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اب تک اس کے 19 ہزار 800 ​سے زائد ملازمین کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔

امریکی کمپنی ایمیزون نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے 13 لاکھ 70 ہزار فرنٹ لائن ملازمین عالمی وبا کا شکار ہوئے ہیں جن میں گروسری اسٹور 'ہول فوڈز مارکیٹ' کے ملازمین بھی شامل ہیں۔

ایمیزون کے بقول اس کے ملازمین میں بیماری کا تناسب اندازوں سے کم رہا ہے۔

کمپنی نے یہ اعداد و شمار ایسے موقع میں ظاہر کیے ہیں جب کمپنی کے لاجسٹکس سینٹرز کے بعض ملازمین نے کمپنی کی جانب سے وبا سے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور کمپنی کی جانب سے اعداد و شمار ظاہر کرنے میں پس و پیش پر تنقید کی تھی۔

ایمیزون کے مطابق کمپنی نے اپنی 650 سائٹس پر کرونا ٹیسٹ کی تعداد بڑھا کر یومیہ 50 ہزار کر دی ہے۔

کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’عالمی وبا کے بحران کی ابتدا سے ہی ہم اپنے ملازمین کو کرونا سے متعلق مسلسل آگاہ کر رہے ہیں۔ اور کسی سائٹ پر کیس سامنے آنے کی صورت میں ملازمین کو اس سے متعلق نوٹی فکیشن کے ذریعے بتا دیا جاتا ہے۔‘‘

کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر ایمیزون کے کارکنوں میں کرونا سے متاثر ہونے کی شرح عام امریکی آبادی کے تناسب کے برابر ہوتی تو متاثرہ ملازمین کی تعداد اصل تعداد سے 33 ہزار زیادہ ہوتی۔

یاد رہے کہ ایمیزون نے 2017 میں ایک بڑے گراسری اسٹور 'ہول فوڈز مارکیٹ' کے 500 اسٹور اپنی تحویل میں لیے تھے۔ ان میں سے 20 سے زیادہ اسٹورز میں جدید نظام نصب کیا جا چکا ہے جہاں کم خریداری کرنے والے صارفین کو ادائیگی کے لیے کاؤنٹر پر جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

کرونا وائرس کی وبا کے دوران زیادہ تر کاروباروں کو آمدنی میں کمی کا سامنا ہے لیکن ایمیزون کی آن لائن خریدو فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG