رسائی کے لنکس

پاکستان میں مزید 82 اموات، مریضوں کی تعداد 85 ہزار سے بڑھ گئی


پاکستان میں جمعرات کو کرونا وائرس سے مزید 82 افراد کا انتقال ہو گیا جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد لگ بھگ 85 ہزار ہو گئی ہے۔

سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران 1667 کیسز کی تصدیق ہوئی اور 20 مریض دم توڑ گئے۔ وہاں مریضوں کی تعداد 34577 اور اموات کی تعداد 575 ہو گئی ہے۔ پنجاب میں 2040 کیسز کا علم ہوا اور 22 مریض چل بسے۔ وہاں مریضوں کی کل تعداد 33144 اور ہلاکتوں کی تعداد 629 ہو چکی ہے۔

خیبر پختونخوا میں 517 مریضوں کا پتا چلا اور 21 اموات ہوئیں۔ وہاں کیسز کی تعداد 11890 اور اموات کی مجموعی تعداد 521 ہے۔ بلوچستان میں 228 کیسز سامنے آئے اور 2 افراد ہلاک ہوئے۔ وہاں 5452 کیسز اور 53 اموات شمار کی جا چکی ہیں۔

گلگت بلتستان میں 28 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 40 نئے مریضوں کا اندراج ہوا۔ گلگت بلتستان میں 852 کیسز اور 12 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کل مریض 325 ہیں جب کہ سات اموات ہو چکی ہیں۔ اسلام آباد میں اب تک 3544 کیسز اور 38 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

ملک بھر میں جمعرات کو 4801 کیسز کی تصدیق ہوئی جب کہ ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1770 ہو گئی ہے۔ مسلسل سات دن سے روزانہ پچاس سے زیادہ اموات ریکارڈ کی جارہی ہے اور آٹھ دن کا مجموعہ 500 سے زیادہ ہے۔

پاکستان میں مریضوں کی مجموعی تعداد لگ بھگ 85 ہزار ہو چکی ہے جو کرونا وائرس کی جنم بھومی چین سے زیادہ اور سعودی عرب سے کچھ کم ہے۔ 14 ملکوں میں کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔ اس فہرست میں پاکستان کا نمبر 17واں ہے۔

ورڈومیٹرز کے مطابق دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس کے ساڑھے 66 لاکھ کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ 3 لاکھ 90 ہزار اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔ امریکہ 19 لاکھ کیسز اور ایک لاکھ 9 ہزار اموات کے ساتھ سرفہرست ہے۔

XS
SM
MD
LG