رسائی کے لنکس

ایپل نے چین کی تنبیہ کے بعد 'ہانگ کانگ ایپ' حذف کر دی


امریکی ٹیکنالوجی فرم ایپل نے چین کی تنبیہ کے بعد 'ہانگ کانگ ایپ' اپنے آن لائن اسٹور سے ہٹا دی ہے۔ یہ ایپ ہانگ کانگ کے نقشوں پر مبنی ہے۔

چین کا کہنا تھا کہ اس ایپ کے ذریعے ہانگ کانگ کے مظاہرین پولیس کی تعیناتی کے مقامات کا باآسانی پتہ لگا کر شر پسندانہ کارروائیاں کیا کرتے تھے۔ اس سے ناصرف شرپسند عناصر کو مدد مل رہی تھی بلکہ ایپ پولیس کے لیے بھی خطرہ بن رہی تھی۔ ایپ کے ذریعے پولیس کو گھات لگاکر نشانہ بنایا جارہا تھا۔

ہانگ کانگ سائبر سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی کرائم بیورو نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس ایپ کو پولیس کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔

اس ایپ کو اب تک 70 ہزار سے زائد لوگ سبسکرائب کر چکے ہیں۔

'ایچ کے میپ ڈاٹ لائیو' بنانے والوں کے ایک بیان کے مطابق ایپل نے کہا ہے کہ آپ کی ایپ کو ایسے طریقوں سے استعمال کیا گیا ہے جس سے ہانگ کانگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور رہائشیوں کو خطرات لاحق ہیں۔

ہانگ کانگ جو اس خطے کا اہم تجارتی مرکز کہلاتا ہے وہ گزشتہ چار ماہ سے احتجاج اور مظاہروں کی لپیٹ میں ہے جبکہ مظاہرین و پولیس کے درمیان جھڑپیں معمولی بن چکی ہیں۔ عمومی طور پر مظاہرین اتوار کے دن لازمی سڑکوں پر نکل کر مظاہرے کرتے ہیں لہذا یہ ایپ پولیس کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال ہورہی تھی۔

چین کی 'کمیونسٹ پارٹی' کے ترجمان سمجھے جانے والے انگریزی اخبار 'پیپلز ڈیلی' نے بدھ کے روز شائع ہونے والے اداریے میں کہا تھا کہ ایپل کو ہانگ کانگ کے معاملے میں کوئی الجھانا نہیں چاہتا۔

اداریئے کے مطابق لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ ایپل بزنس اور سیاست کو الجھا رہا ہے اور یہ غیر قانونی حرکتوں میں ملوث ہے۔

XS
SM
MD
LG