رسائی کے لنکس

نئے شمال امریکی تجارتی معاہدے پر دستخط، امریکی کارساز شعبے کے لیے ’’خوش آئند‘‘ قرار


امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کے سربراہان نے ایک نئے شمال امریکی تجارتی معاہدے (یو ایس ایم سی اے) پر دستخط کیے ہیں، جس میں تینوں ملکوں کے درمیان 1.2 ٹرلین ڈالر کے سالانہ کاروبار کی نشاندہی کی گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نئے معاہدے پر دستخط کو ’’انتہائی تاریخی دن‘‘ قرار دیا ہے، جو اُن کے بقول، ’’ایک سنگِ میل کامیابی‘‘ ہے، جس پر 15 ماہ تک اکثر و بیشتر تلخ نوعیت کے مذاکرات ہوتے رہے۔

معاہدے میں کینیڈا اور میکسیکو کی امریکی مارکیٹ تک رسائی روک دی گئی ہے، امریکی برآمدات کو وسعت دی گئی ہے جب کہ اس میں منصفانہ مسابقت کو یقینی بنانے کےلیے نئے اقدامات شامل ہوں گے۔ اس بات کی وضاحت صدر ٹرمپ نے کی، ایسے میں جب وہ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور میکیسکو کے صدر انرک پینا نائیٹو کے ہمراہ موجود تھے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ’’اس سے کارسازی سے وابستہ کارکنان کو بے حد فائدہ پہنچے گا‘‘۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کے معاہدے کے نتیجے میں اب کارسازی سے متعلق روزگار سمندر پار ملکوں کی طرف نہیں جائے گا۔ اُنھوں نے اس بات کی پیش گوئی کی کہ اس شعبے کا روزگار امریکہ واپس آئے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے میں شامل حقوقِ دانش کے تحفظ کی شقیں ’’دنیا بھر کے تمام ملکوں کے لیے رشک کا باعث ہوں گی‘‘۔ اُنھوں نے یہ بات جمعے کی صبح بیونس آئرس میں جی 20 کے سربراہ اجلاس کی عمارت سے باہر منعقدہ تقریب کے دوران کہی، جس میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

’یو ایس ایم سی اے‘ نامی معاہدہ ’این اے ایف ٹی اے‘ کی جگہ لے گا، جس سمجھوتے پر 2016ء کی صدارتی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے بارہا نکتہ چینی کی۔ اُنھوں نے کہا تھا کہ یہ ’’تاریخ کا بدترین‘‘ تجارتی سمجھوتا ہے، اور کہا تھا کہ اس کے نتیجے میں امریکی مینوفیکچرنگ کے روزگار کے مواقع کم ہوگئے ہیں۔ ’نیفٹا‘ سال 1994ء سے چلا آرہا ہے۔

ٹرمپ نے ٹروڈو اور پینا نائیٹو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے اوپر بہت نکتہ چینی کی گئی۔ لیکن، ہم نے اسے طے کر لیا ہے۔ یہ ہمارے تمام ملکوں کے لیے اچھا سمجھوتا ہے‘‘۔

تاہم، اس پر عمل درآمد میں کچھ وقت لگے گا، چونکہ تینوں ملکوں کے قانون ساز اداروں نے نئے سمجھوتے کی ابھی منظوری دینی ہے۔

ٹرمپ نے دستخط کرنے کی تقریب کے دوران کہا کہ امریکی کانگریس سے اس کی منظوری ملنے میں ’’میرے خیال میں کوئی بات حائل نہیں ہوگی، چونکہ اس کا جائزہ لیا جاتا رہا ہے‘‘۔

ممکن ہے کہ اُن کا یہ اندازہ خوش فہمی کی بنا پر ہو۔

XS
SM
MD
LG