رسائی کے لنکس

پیرس: ڈکیت مشہور ہوٹل سے کروڑوں کے زیورات لے اڑے


واردات کے بعد پیرس کے رٹز کے ہوٹل کے باہر پولیس موجود ہے۔
واردات کے بعد پیرس کے رٹز کے ہوٹل کے باہر پولیس موجود ہے۔

'رٹز ہوٹل' پیرس کے مرکزی چوراہے پلیس وینڈوم کے نزدیک واقع ہے جس کے ارد گرد کے علاقوں میں ماضی میں بھی زیورات کی دکانوں میں ڈکیتیاں ہوتی رہی ہیں۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک مشہور ہوٹل سے ڈکیت کروڑوں روپے کے زیورات لے کر فرار ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق واردات پیرس کے لگژری 'رٹز ہوٹل' میں جمعرات کی سہ پہر پیش آئی جہاں کلہاڑیوں سے لیس پانچ ڈکیتوں نے ہوٹل میں واقع ایک دکان سے زیورات لوٹ لیے۔

پولیس کے مطابق اس نے تین ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ دو زیورات سمیت فرار ہوگئے ہیں۔

ایک پولیس اہلکار کے مطابق زیورات کی مالیت پانچ کروڑ ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے جائے واردات سے ایک بیگ بھی برآمد کیا ہے جس میں ممکن ہے کہ لوٹے گئے کچھ زیورات موجود ہوں۔

'رٹز ہوٹل' پیرس کے مرکزی چوراہے پلیس وینڈوم کے نزدیک واقع ہے جس کے ارد گرد کے علاقوں میں ماضی میں بھی زیورات کی دکانوں میں ڈکیتیاں ہوتی رہی ہیں۔

'رٹز ' پیرس کے مشہور ترین ہوٹلوں میں سرِ فہرست ہے جس کا 1898ء میں افتتاح ہوا تھا۔ یہ عمارت کی تمام منزلوں اور کمروں میں موجود غسل خانوں تک بجلی فراہم کرنے والا شہر کا پہلا ہوٹل تھا۔

اس ہوٹل میں ماضی میں کئی مشہور شخصیات، ادیب اور فیشن ڈیزائنر قیام کرچکے ہیں جب کہ اس ہوٹل کا شراب خانہ امریکی مصنف ارنسٹ ہیمنگوے کا بھی پسندیدہ تھا۔

'رِٹز'وہی ہوٹل ہے جہاں برطانیہ کی سابق شہزادی ڈیانا نے 1997ء میں اپنے مبینہ محبوب دودی الفائد کے ہمراہ آخری رات گزاری تھی جس کے اگلے دن وہ دونوں ایک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

دودی الفائد ہوٹل کے مالک محمد الفائد کے بیٹے تھے۔

XS
SM
MD
LG