رسائی کے لنکس

بیرونِ ملک سازشیں کرنے والے جلد گرفت میں ہوں گے، آرمی چیف


جنرل قمر جاوید باجوہ
جنرل قمر جاوید باجوہ

جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہا کہ سمندر پار بیٹھ کرملک توڑنے کی بات کرنے والوں پر عنقریب قانون کی گرفت ہوگی، یہ لوگ فوج کو گالیاں دیتے ہیں، ملک کو گالیاں دیتے ہیں۔

پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دشمن ایجنسیاں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن سمندر پار بیٹھ کرملک توڑنے کی بات کرنے والوں پرعنقریب قانون کی گرفت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ امن اور قانون کی بالادستی کے لیے ہم ہر قربانی دیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے جب کہ وہ اسلان کے گھر بھی گئے جہاں ان کے والدین سے ملاقات کی۔

ویڈیو بیان میں آرمی چیف نے کہا کہ قربانی کے جذبے سے سرشارسپوتوں کی موجودگی میں ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا اور امن کی بحالی اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر قربانی دیں گے، ملک میں ہر قیمت پر امن اور قانون کی حکمرانی بحال کریں گے۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور پاکستان کا دشمن ہمارا دشمن ہے۔ پاک فوج ملک کے بہترین مفاد میں کام کرتی رہے گی جب کہ کچھ لوگ اور دشمن ایجنسیاں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن پاک فوج دشمنوں کے مذموم عزائم کی راہ میں رکاوٹ ہے اور انہیں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہا کہ سمندر پار بیٹھ کرملک توڑنے کی بات کرنے والوں پر عنقریب قانون کی گرفت ہوگی، یہ لوگ فوج کو گالیاں دیتے ہیں، ملک کو گالیاں دیتے ہیں، اور دشمن ایجنسیاں پاک فوج کو بھی تنقید کا نشانہ بناتی ہیں جب کہ طاقت کا استعمال صرف ریاست کا استحقاق ہے، 'پاکستان کا دشمن ہمارا دشمن ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ 'غیرملکی دشمن ایجنسیاں پاکستان کو غیرمستحکم کرنے اور پاک فوج کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں کررہی ہیں۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کو خوف ہے پاک فوج ان کے مذموم عزائم کی کامیابی میں رکاوٹ ہے۔لیکن فوج ہرقسم کے چیلنج میں قوم کےساتھ کھڑی رہےگی اور ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھےگی۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام اندرونی و بیرونی سازشوں کا ڈٹ کرمقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا گیا ہے جو پہلی مرتبہ کسی آرمی چیف کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔ پاک فوج کی طرف سے جاری ہونے والی ویڈیو ریلیز میں عموماً آواز شامل نہیں کی جاتی اور اگر شامل بھی کی جائے تو صرف پاک فوج کے نعرے ہی میڈیا پر ائیر کرنے کو بھجوائے جاتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان کو آزاد کرنے سے متعلق پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ میں ہی بلوچ علیحدگی پسند تنظیم کے سربراہ براہمداغ بگٹی کئی سالوں سے مقیم ہیں اور پاکستان اور پاک فوج کے سخت مخالفانہ خیالات رکھتے ہیں۔

ان ہی دنوں جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کی نیویارک میں عمارت کے باہر ایم کیو ایم لندن کی طرف سے بھی مظاہرہ کیا گیا جس میں پاکستان مخالف نعرے لگائے گئے تھے۔ ایم کیو ایم لندن کے سربراہ الطاف حسین طویل عرصہ سے لندن میں ہی مقیم ہیں اور ان پر پاکستان اور پاک فوج مخالف تقاریر کرنے کے الزامات لگتے رہے جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے ایک حکمنامے کے مطابق پاکستانی میڈیا میں ان کے پیغامات اور تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG