رسائی کے لنکس

ہر قیمت پر وطن کا دفاع کیا جائے گا، جنرل قمر جاوید باجوہ


پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ملتان چھاونی میں فوجیوں کے ساتھ۔ فائل فوٹو
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ملتان چھاونی میں فوجیوں کے ساتھ۔ فائل فوٹو

پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہم نے ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع کی قسم کھائی ہے۔  ہم قربانیاں دیتے آئے ہیں، قربانیاں دے رہے ہیں اوردیتے رہیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع کی قسم کھائی ہے۔ ہم قربانیاں دیتے آئے ہیں۔ قربانیاں دے رہے ہیں اوردیتے رہیں گے جب کہ وطن کے لیے جان قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے بیرونی عناصر بےنقاب ہوچکے ہیں اور قوم ان سازشوں کو شکست دے کر رہے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے یہ بیان ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنے پیغام میں دیا۔​

پیغام میں دو روز قبل راجگل کے علاقہ میں ہلاک ہونے والے لیفٹننٹ ارسلان عالم کی کفن میں لپٹی ہوئی تصویر موجود ہے جبکہ اس کے ساتھ ایک تصویر 6 جنوری 2014 کو ضلع ہنگو میں خودکش حملہ آور کا مقابلہ کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے اعتزاز حسن کی ہے۔ تیسری تصویر میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں و سویلین افراد دکھائے گئے ہیں۔

دوسری ٹوئیٹ میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے دیا گیا پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے بیرونی عناصر بے نقاب ہوچکے ہیں۔ اس ٹوئیٹ کے ساتھ پاکستان کی حراست میں موجود مبینہ بھارتی خفیہ ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی تصویر لگائی گئی ہے۔

پاک فوج کی طرف سے لگاتار یہ پیغام زور دے کر دیا جارہا ہے کہ پاکستان اور پاکستان فوج کی قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا جارہا اور پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔​

حالیہ پیغام بھی اسی بات کا مظہر ہے جس میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہوجانے والے افراد کی تصویریں لگائی گئی ہیں اور ساتھ ہی پاکستان کے خلاف مبینہ سازشیں کرنے والوں کی تصویر لگا کر سخت پیغام دیا جارہا ہے۔​

پاکستان کے وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے گذشتہ دنوں برکس میں ہونے والے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ پر کہا تھا کہ پاکستان کو اپنے گھر کے اندر موجود گندگی کوصاف کرنا ہوگا۔ اس بیان کے بعد حکومتی شخصیات نے ہی حکومت پر سخت تنقید کی تھی۔

XS
SM
MD
LG