رسائی کے لنکس

مکی آرتھر محمد عامر کی اچھی فارم کے لیے پر امید


محمد عامر (فائل فوٹو)
محمد عامر (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے تسلیم کیا ہے کہ فاسٹ بالر محمد عامر کی فارم پریشانی کا باعث رہی ہے لیکن ان کے بقول وہ پراعتماد ہیں کہ لیفٹ آرم بالر ورلڈ کپ 2019ء سے پہلے فارم میں واپس آنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

ورلڈ کپ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کا افتتاحی میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں ہوگا۔

محمد عامر وکٹیں لینے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور جون 2017ء میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے اب تک 14 میچوں میں صرف 5 وکٹیں حاصل کرسکے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں وہ 9 اوورز میں 56 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے جس کی وجہ سے انہیں دوسرے ون ڈے میں ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ عامر کی فارم پریشانی کا باعث ہے اور اس پر خود عامر سے زیادہ کوئی اور پریشان نہیں۔

مکی آرتھر (فائل فوٹو)
مکی آرتھر (فائل فوٹو)

آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ عامر حیرت انگیز طور پر ماہر بالر ہے اور کامیاب ہونے کی تمام صلاحیتیں رکھتا ہے۔ ان کے بقول، ،"اس کے پاس بڑے میچز کا مزاج ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ اسے آگے میچز میں کیسے استعمال کرسکتے ہیں۔"

پاکستانی کوچ نے تسلیم کیا کہ ٹیم میں واپس آنے والے عمر اکمل میں بہتری آ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نظم و ضبط کے حوالے سے یقینی طور پر تبدیلی آئی ہے۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2017ء سے ایک ہفتہ قبل فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی پر عمر اکمل کا نام اسکواڈ سے واپس لے لیا گیا تھا۔

عمر اکمل نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے اب تک کھیلے جانے والے دو میچز میں بالترتیب 49 اور 16 رنز بنائے تھے۔

XS
SM
MD
LG