رسائی کے لنکس

منافرت پر مبنی آن لائن مواد روکنے کے لیے آسٹریلیا کا سخت اقدامات کا فیصلہ


حملے کا نشانہ بننے والی کرائسٹ چرچ کی مسجد النور۔ 23 مارچ 2019
حملے کا نشانہ بننے والی کرائسٹ چرچ کی مسجد النور۔ 23 مارچ 2019

آسٹریلیا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو نفرت آمیز مواد فوری پر ہٹانے میں ناکامی پر قید اور لاکھوں ڈالر کے جرمانے کی سزائیں دینے والا دنیا کا پہلا ملک چاہتا ہے۔

یہ تبدیلیاں پچھلے ماہ نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ میں قائم مساجد پر ہونے والے حملوں کی فیس بک پر لائیو سٹریمنگ کے بعد لانے کا سوچا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں اگلے ہفتے آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں ایک بل پیش کیا جا رہا ہے۔

کرائسٹ چرچ کے حملے کی لمحہ بہ لمحہ صورت حال کو حملہ آور نے 17 منٹ تک فیس بک پر لائیو نشر کیا تھا۔ یہ ویڈیو حملے کے بعد ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ دیر تک موجود رہی۔ اس حملے میں دو مساجد میں 50 نمازی ہلاک ہوئے۔

آسٹریلیا کے اٹارنی جنرل کرسٹن پورٹر نے کہا ہے کہ فیس بک نے اس ویڈیو کو ہٹانے میں بہت دیر کی۔

’’60 منٹ کے لگ بھگ نیوزی لینڈ کی پولیس نے درخواست کی کہ اس ویڈیو کو ہٹا دیا جائے مگر یہ ویڈیو 69 منٹ کے بعد ہٹائی گئی۔ یہ کسی بھی ذمہ دار شخص کے لئے بہت ہی طویل وقت ہے۔‘‘

حملہ کرنے والا 28 سالہ کا سفید فام انتہاپسند تھا جس کا تعلق آسٹریلیا سے تھا۔

پچھلے ہفتے آسٹریلیا کے وزراء نے قبل اعتراض ویڈیوز کو فوری طور پر ہٹانے کے سلسلے میں سوشل میڈیا کمپنیوں کے عہدے داروں سے ملاقات کی، مگر ان کی خاطر خواہ تسلی نہیں ہوئی۔

آسٹریلیا اب ان سوشل میڈیا کمپنیوں پر ملٹی ملین ڈالر جرمانے عائد کرنا چاہتا ہے جو فوری طور پر ’’نفرت انگیز اور پرتشدد مواد‘‘ اپنے پلیٹ فارمز سے ہٹانے میں ناکام رہیں۔ ان کمپنیوں کے ایگزیکٹو افسران کو قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

مگر یونیورسٹی آف ساؤتھ ویلز کے سائبر سیکورٹی کے ایک ماہر نیجل فائر کا کہنا ہے کہ مجوزہ قانون حقیقت سے دور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘‘میں سمجھتا ہوں کہ جیل کی سزا سخت اور پرتشدد مجرموں کے لئے ہونی چاہئے نہ کہ مارکیٹنگ کے ایگزیکٹو افسران کے لئے۔ میرے خیال میں اس سلسلے میں مزید بحث مباحثہ ہونا چاہئے۔ جرمانے کرنا معقول بات ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہم اس میں توازن پیدا کر لیں گے۔’’

فیس بک کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے پلیٹ فارم سے کرائسٹ چرچ حملے کی ویڈیو کی 15 لاکھ سے زائد کاپیاں ہٹائی ہیں۔ فیس بک کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اپنی لائیو سٹریمنگ کے فیچر سے متعلق قوانین کو مزید سخت بنا رہا ہے تاکہ نفرت آمیز مواد کو روکا جا سکے۔

آسٹریلیا کی پارلیمنٹ مجوزہ قانون پر اگلے ہفتے غور کرے گی۔

کرائسٹ چرچ حملے میں سوشل میڈیا کے کردار پر نیوزی لینڈ میں ایک مضبوط کمیشن تحقیقات کرے گا۔

مبینہ طور پر ان حملوں میں ملوث شخص کو جمعے کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG