رسائی کے لنکس

احتجاجیوں سے برتاؤ میں تحمل سے کام لیا جائے: اوباما


وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری، جے کارنی (فائل فوٹو)
وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری، جے کارنی (فائل فوٹو)

امریکی محکمہٴ خارجہ کے ترجمان پی جے کرولی نےبحرین کے بارے میں کہاہے کہ جمعے کے دِن کا تشدد مناسب قدم نہیں تھا اور حکومت کو اپنے لوگوں کے جذبات کا خیال کرنا چاہیئے

صدر براک اوباما نے مشرقِ وسطیٰ کے راہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت مخالف احتجاجیوں سےبرتاؤ میں تحمل کا مظاہرہ کریں۔ صدر نے بحرین، لیبیا اور یمن میں مظاہرین کےخلاف مبینہ طور پراختیار کیے گئےتشددکی مذمت کی ہے۔
صدر نے جمعے کو تشدد کے خلاف ایک تحریری بیان جاری کیا جسے پریس سکریٹری جے کارنی نے پرواز کے دوران خصوصی صدارتی طیارے’ ایئر فورس ون‘ میں نامہ نگاروں کو پڑھ کر سنایا۔
صدر نے کہا کہ بحرین، لیبیا اور یمن میں تشدد کی رپورٹوں کا سن کر اُنھیں انتہائی تشویش ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ امریکہ، حکومتوں کی جانب سے پُرامن احتجاجیوں کےخلاف تشدد کا راستہ اپنانے کی مذمت کرتا ہے، چاہےتشدد کا معاملہ اِن حکومتوں کی طرف سے ہو یا اور جہاں کہیں بھی رونما ہو۔

کارنی نے کہا کہ صدرنے گڑ بڑ کے دوران ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں اور احباب سے تعزیت کا اظہار کیا، اور تحمل اپنانےپر زور دیا ہے۔

پریس سکریٹری نے کہا کہ بات کہیں کی بھی ہو، لوگوں کے کچھ آفاقی حقوق ہوتے ہیں جِن میں پُرامن اجتماع کا حق بھی شامل ہے۔

صدرریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو سے ریاست آریگان کے پوٹلینڈ شہر سفر کررہے تھے، کہ پرواز کے دوران کارنی نے رپورٹروں کو بتایا کہ مسٹر اوباما کو مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کی صورتِ حال کے بارے میں باقاعدگی کے ساتھ بریف کیا جا رہا ہے۔
جے کارنی نے کہا کہ ظاہر ہے صدر کے ساتھ قومی سلامتی کے مشیر ہوتے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ چند ہفتےقبل جب سے مشرق وسطیٰ میں اِس طرح کے واقعات شروع ہوئے ہیں صدر نے قومی سلامتی کے اسٹاف کی ڈیوٹی لگا رکھی ہے کہ وہ صورتِ حال پر باقاعدگی سے تازہ ترین رپورٹیں تیار کریں۔

جمعے کے روز بحرین میں فوجیوں نے حکومت مخالف مظاہرین پر گولی چلادی۔ لیبیا میں احتجاجیوں کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ اُس وقت جھڑپیں ہوئیں جب وہ تشدد میں ہلاک ہونے والے 15افراد کےجنازے میں جارہے تھے۔ اور یمن میں مظاہرین کی پولیس اور حکومت کے حمایتیوں سے جھڑپ ہوئی جِس کے بعد اُن پر آنسو گیس اور گولیاں چلائی گئیں۔
امریکی محکمہٴ خارجہ کے ترجمان پی جے کرولی نےکہا کہ جمعے کے دِن کا تشدد مناسب قدم نہیں ہے اور حکومت کو اپنے لوگوں کے جذبات کا خیال کرنا چاہیئے۔
یمن اور بحرین مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کے اہم اتحادی ہیں۔

وہاں اورخطے کے دیگرمقامات پر راہنماؤں کو حکومت مخالف مظاہرین کےاحتجاج کا سامناہے جِس سے قبل عوامی بے چینی کے نتیجے میں تیونس اور مصر کے راہنما اقتدارسےعلیحدہ ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG