رسائی کے لنکس

بلوچستان میں دھماکے سے گیس پائپ لائن تباہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

بلوچستان کے ضلع کشمور میں نامعلوم افراد نے 18 انچ قطر کی ایک اور گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی سے اس پائپ لائن کے ذریعے صوبہ پنجاب کو گیس فراہم کی جاتی تھی جو اب معطل ہو گئی ہے۔

اس گیس پائپ لائن کو جس مقام پر نشانہ بنایا گیا وہ غیر آباد علاقہ ہے اس لیے اس واقعہ میں کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں عسکریت پسندوں کی طرف سے حالیہ دنوں میں گیس پائپ لائنوں اور تنصیبات پر تواتر کے ساتھ حملے کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل ضلع جعفر آباد میں 20 انچ قطر پائپ لائن کے علاوہ صوبے کے مشرقی ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں گیس کے پانچ کنوؤں کو مشتبہ شدت پسندوں نے دھماکا خیز مواد سے تباہ کر دیا تھا۔

بلوچستان سے ملک کے دوسرے صوبوں کو گیس کی سپلائی کے لیے بچھائی گئی پائپ لائنوں کو ماضی میں بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اوران کی ذمہ داری کالعدم بلوچ عسکری تنظیمیں قبول کرتی آئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG