رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ سیریز: بنگلہ دیش ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سینئرز کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے والے دو نوجوان کھلاڑیوں کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 نومبر کو چٹاگانگ ٹیسٹ سے ہو گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ ڈھاکہ کے شیرِ بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو چار دسمبر کو شیڈول ہے۔

میزبان ٹیم کے کئی کھلاڑی انجریز کے مسائل سے دو چار ہیں۔ اس لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں تجربہ کار کھلاڑی شکیب الحسن کو شامل تو کیا گیا ہے لیکن ان کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔

بنگلہ دیش ٹیم کے چیف سلیکٹر منہاج العابدین کے مطابق انڈر 19 ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے بلے باز محمود اللہ کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ فاسٹ بالنگ کا لائن اپ مکمل کرنے کے لیے نوجوان فاسٹ بالر ریاض الرحمٰن کو طلب کیا ہے۔

چیف سلیکٹر کے مطابق ریاض الرحمٰن نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ اب تک گیارہ میچز میں 33 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جب کہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے والے محمود اللہ بھی فرسٹ کلاس میں ایک کے بعد ایک سینچری بنا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انجری کی وجہ سے تسکین احمد اور شریف الاسلام اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے اس لیے ان کی غیر موجودگی میں ہمیں ایک بہترین بالر کی ضرورت تھی جو ریاض الرحمٰن کی صورت میں موجود ہے۔

چیف سلیکٹر منہاج العابدین کا مزید کہنا تھا کہ شکیب الحسن بھی انجری کا شکار ہیں اور انہیں میچ سے قبل فٹ ہونے کی صورت میں فائنل الیون کا حصہ بنایا جائے گا۔

میزبان ٹیم کی قیادت مومن الحق کریں گے جب کہ اسکواڈ میں شادمان اسلام، سیف حسن، نجم الحسین شانتو، مشفق الرحیم، لٹن داس، نورالحسن سوہان، مہدی حسن مرزا، نعیم حسن، تیج الاسلام، عبادت حسین، ابو جاوید، یاسر علی، محمو الحسن، ریاض الرحمٰن راجا اور شکیب الحسن شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل بعض کھلاڑی پاکستان سے بنگلہ دیش پہنچ چکے ہیں۔ پاکستانی اسکواڈ میں امام الحق، بلال آصف اور کامران غلام کی واپسی ہوئی ہے جب کہ تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے ہیں۔

پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جب کہ 20 رکنی اسکواڈ میں نائب کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، فہیم اشرف، بلال آصف، فواد عالم، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، محمد نواز، محمد عباس، نسیم شاہ، نعمان علی، ساجد خان، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہد محمود اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG