رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ٹی وی چینل پر پابندی عائد


بنگلہ دیش کے وزیر صنعت امير حسین امو کا کہنا ہے کہ کیفے پر حملہ کرنے والے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے متاثر تھے ۔

بنگلہ دیشی حکومت نے بھارتی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ٹی وی چینل ’’ پیس ٹی وی ‘‘ کی اندرون ملک نشریات پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس پابندی کا تناظر ڈھاکے کے ایک کیفے پر گزشتہ ہفتے ہونے والا حملہ بتایاجارہا ہے ۔

بنگلہ دیش کے وزیر صنعت امير حسین امو کا کہنا ہے کہ کیفے پر حملہ کرنے والے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے متاثر تھے ۔

وزیرصنعت کی زیرصدارت اتوار کو اس حوالے سے کابینہ کی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بھی ہوا جس میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ڈھاکہ کیفے پر حملے کی وجوہات پر غور و خوص کیا گیا ۔

امیر حسین کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ’پیس ٹی وی‘ کی نشریات بند کردی جائیں ۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ حملہ آور ملک میں ’’پیس ٹی وی‘‘ کی نشریات کے ذریعے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے متاثر تھے ۔

وزیرصنعت کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں نماز جمعہ کے دوران دئیے جانے والے خطبات کی بھی نگرانی کی جائے گی تاکہ اشتعال انگیز تقریروں اور خطبات کو روکا جاسکے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ڈھاکہ میں کیفے پر شدت پسندوں کے حملے میں غیر ملکیوں سمیت 20 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

ان کے مطابق بنگلہ دیش حکومت نے ملکی آئمہ اور دانشوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ دوران خطبات اسلام کی حقیقی تصویر پیش کریں اور دہشت گردی و انتہاپسندی کی مذمت کریں ۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کے خفیہ اداروں نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG