رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: نوجوان کی ہلاکت پر ایڈیٹر اور اخبار کے نو ملازمین کے وارنٹ گرفتاری


فائل
فائل

ایک نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر بنگلہ دیش کے دارالحکومت کی ایک عدالت نے جمعرات کے روز ایک معروف ایڈیٹر اور روزنامہ کے نو دیگر ملازمین کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔

یہ نوجوان اس وقت ہلاک ہوا جب روزنامہ کے میگزین کی سالگرہ کے موقع پر ہونے والی تقریب کے دوران اسے بجلی کا جھٹکا لگا۔

ڈھاکہ کی عدالت نے بنگالی زبان کے روزنامے کے ایڈیٹر مطیع الرحمٰن اور دیگر ملازمین کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے، جس سے قبل پولیس کے تفتیش کار نے 14 برس کے نعیم الابرار راحت کی ہلاکت سے متعلق ایک رپورٹ پیش کی تھی۔

مرحوم کے والد کے وکیل، عمر فاروق آصف نے عدالت کو بتایا کہ نوجوان کی ہلاکت اخبار والوں کی غفلت اور لاپرواہی کے نتیجے میں ہوئی۔ عدالت نے تفتیش کے نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

راحت کی ہلاکت یکم نومبر کو بجلی کا تار چھو جانے سے جھٹکا لگنے کے نتیجے میں اس وقت ہوئی جب اخبار کے تحت شائع ہونے والے نوجوانوں کے میگزین ’کشور الو‘ کی سالگرہ منائی جا رہی تھی۔ راحت کے والد نے اپنے بیٹے کی موت کا الزام مطیع الرحمٰن اور دیگر ملازمین پر لگایا ہے۔

درج کرائی گئی اپنی شکایت میں والد نے کہا ہے کہ بجلی کا جھٹکا لگنے کے بعد نوجوان کو اُس اسپتال میں داخل کرایا گیا جس کا اخبار کے ساتھ معاہدہ تھا، جب کہ اس کے قریب ہی ایک اور مستند اسپتال بھی موجود تھا۔

انھوں نے کہا کہ دوسرے اسپتال لے جانے سے بچے کی زندگی بچ کی زندگی بچ جانے کا قوی امکان تھا۔

مطیع الرحمٰن نے گرفتاری کے وارنٹ پر بیان دینے سے گریز کیا ہے۔

پروتھم الو ایک بااثر اخبار ہے، جو بنگلہ دیش کے متوسط طبقے میں بہت مقبول ہے۔

XS
SM
MD
LG