رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: پرتشدد مظاہروں میں 15 افراد ہلاک


بنگلہ دیش میں سخت گیر موقف رکھنے والے مسلمان ملک میں توہین مذہب کے نئے قانون کا مطالبہ کر رہے ہیں، مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔

بنگلہ دیش میں سخت گیر موقف رکھنے والے مسلمان ملک میں توہین مذہب کے نئے قانون کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ جھڑپوں میں اتوار کو اُس وقت شدت آئی جب مظاہرین نے پولیس پر پتھر پھینکے جس کے جواب میں سکیورٹی فورسز نے اُنھیں منتشر کرنے کے لیے ربڑ کی گولیاں چلائیں۔

بنگلہ دیش کی حکمران جماعت عوامی لیگ کے صدر دفتر کے قریب 15 چھوٹے بم دھماکے ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے کئی گاڑیوں اور دوکانوں کو نذر آتش کرنے کے علاوہ شاہراہوں کو بھی بند کر دیا۔

مظاہرین نے 13 نکاتی مطالبات کر رکھے ہیں جن میں موجودہ تعلیمی نظام کے خاتمے کے علاوہ کھلے عام مرد و خواتین کے ملنے پر پابندی کا مطالبہ شامل ہے۔

مسلم اکثریت والے ملک بنگلہ دیش میں حکومت مظاہرین کے مطالبات کو رد کر چکی ہے۔
XS
SM
MD
LG