رسائی کے لنکس

باکس آفس پر فلم 'باربی' کی دھوم، 2023 کا ریکارڈ اوپننگ بزنس


ہالی وڈ کی نئی فلم 'باربی' نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے جب کہ فلم نے سال 2023 کے سب سے بڑے اوپننگ بزنس کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔

اس سے قبل رواں برس ریلیز ہونے والی فلم 'دی سپر ماریو بروز' نے اوپننگ پر ریکارڈ بزنس کیا تھا۔

فلم کے ڈسٹری بیوٹر 'وارنر برادرز' نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ 'باربی' نے ویک اینڈ پر امریکہ اور کینیڈا کے سنیما گھروں سے 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا جو سال 2023 کا سب سے بڑا اوپننگ بزنس ہے۔ اس کے علاوہ فلم نے دنیا بھر سے 33 کروڑ سات لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔

'باربی' کے ساتھ ساتھ اس ویک اینڈ پر فلم 'اوپن ہائمر' بھی سنیما گھروں کی زینت بنی ہے۔ اس فلم نے امریکہ اور کینیڈا سے آٹھ کروڑ پانچ لاکھ ڈالرکا بزنس کیا ہے جب کہ فلم نے دنیا بھر سے 17 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کمائے۔

یاد رہے کہ ہالی وڈ میں جون اور جولائی کے مہینے میں فلموں کے ٹکٹوں کی فروخت مایوس کن نظر آ رہی تھی لیکن اس ویک اینڈ پر ریلیز ہونے والی 'باربی' اور 'اوپن ہائمر' نے سنیما گھروں کی رونقیں بڑھا دیں۔

گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی 'دی فلیش' فلم بینوں کو متاثر کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی جب کہ انڈیانا جونز کی نئی فلم اور ٹام کروز کی مش امپاسبل بھی توقعات کے مطابق بزنس نہ کر سکیں۔

کامیڈی فلم 'باربی' کی ہدایات گریٹا گرویگ نے دی ہیں جب کہ اس میں اداکارہ مارگو روبی نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ فلم کی کہانی بھی مشہور زمانہ ڈول’ باربی‘ کے گردہی گھومتی ہے۔

'باربی' کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم 'اوپن ہائمر' کی ہدایات کرسٹوفر نولن نے دی ہیں اور یہ فلم ایٹم بم بنانے کی ایک خوف ناک داستان بیان کرتی ہے۔

مبصرین کو رواں برس موسمِ گرما سے خاصی امیدیں وابستہ تھیں کیوں کہ اس موسمِ گرما میں کرونا وبا کے وقت تاخیر کا شکار ہونے والی فلمیں ریلیز کے لیے شیڈول تھیں جب کہ رواں سال گزشتہ برس کے مقابلے میں 30 فی صد زیادہ فلمیں ریلیز ہر رہی تھیں۔

البتہ جولائی 2023 کے وسط تک باکس آفس پر فلموں کا بزنس گزشتہ برس کے مقابلے میں لگ بھگ سات فی صد کم رہا۔

XS
SM
MD
LG