رسائی کے لنکس

بائیڈن کا عید پر نیک تمناؤں کا اظہار؛ ’میری ہمدردیاں غزہ جیسے تنازعات میں گھرے لوگوں کے ساتھ ہیں‘


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیرس کی جانب سے عید الفطر پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار
  • اب وقت آ گیا ہے کہ امن قائم کرنے اور سب کے وقار کی حمایت کے لیے کام کرنے کے عزم دہرایا جائے: امریکی صدر
  • رواں سال رمضان کی تقریبات غزہ کی جنگ کے زیرِ سایہ رہیں۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے مسلمانوں کے لیے عید الفطرپر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان لوگوں کا بھی سوچتے ہیں جو غزہ اور سوڈان جیسی جگہوں سمیت تنازعات، بھوک اور بے گھر ہونے کی تکلیف جھیل رہے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آج جب کہ مسلم خاندان اور مسلم برادریاں عید الفطر منا رہی ہیں۔ وہ بہت سے لوگوں کی محسوس کی جانے والی تکلیف کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔

صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ میری ہمدردیاں دنیا بھر میں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو غزہ اور سوڈان جیسی جگہوں سمیت تنازعات، بھوک اور بے گھر ہونے کی تکالیف برداشت کر رہے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ امن قائم کرنے اور سب کے وقار کی حمایت کے لیے کام کرنے کے عزم کو دہرایا جائے۔

وائٹ ہاؤس کے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک اور پوسٹ میں صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیرس کی جانب سے امریکہ اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے عید الفطر کے موقعے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

ماہِ رمضان کے اختتام پر سعودی عرب سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بدھ کو عید الفطر منائی جا رہی ہے۔

اس موقعے پر پاکستان سمیت مسلم اکثریتی آبادی کے ملکوں میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

لیکن اس سال رمضان المبارک کی تقریبات غزہ کی میں جنگ کے زیرِ سایہ رہیں۔

سات اکتوبر 2023 کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے ردِ عمل میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ میں جاری جنگ کو چھ ماہ مکمل ہو چکے ہیں۔

فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے زیرِ انتظام غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق اس دوران کم از کم 33 ہزار افراد ہلاک ہوئےہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

حماس کے اکتوبر میں اسرائیل کے جنوبی علاقوں پر حملے میں تقریباً 12 سو افراد ہلاک ہوئے تھے اور جنگجوؤں نے ڈھائی سو کے قریب لوگوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔

عید کے آغاز پر غزہ قحط کے دہانے پر ہے اگرچہ مزید امداد غزہ میں پہنچنا شروع ہو رہی ہے، لیکن پناہ کے متلاشی بے گھر فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ یہ رسد بڑھتے ہوئے سنگین حالات کے لیے کافی نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG