رسائی کے لنکس

بلال آصف کا آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو


لیگ اسپنر شاداب کی جگہ بلال آصف کو لیا گیا ہے جنہوں نے اتوار کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلا۔

آسٹریلیا کے ساتھ سیریز کے آغاز سے کچھ دن قبل ہی پاکستان کیمپ سے خبر آئی کہ لیگ اسپنر شاداب خان ان فٹ ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ کون لے گا؟ یہ اہم سوال تھا جس پر سے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز پردہ اٹھا۔

لیگ اسپنر شاداب کی جگہ بلال آصف کو لیا گیا ہے جنہوں نے اتوار کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلا۔ گو کہ ابھی رواں ٹیسٹ میں ان کی بالنگ اور بیٹنگ دیکھنے کا موقع نہیں ملا لیکن کرکٹ کے حوالے سے ان کا نام نیا نہیں ہے۔

وہ پاکستان کی جانب سے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز بھی کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 13 اعشاریہ 33 کی اوسط سے 40 رنز بنائے جبکہ 19 اعشاریہ 2 کی اوسط سے 5 وکٹیں لیں۔

عمر کے 33سال دیکھ لینے والے آل راؤنڈر بلال آصف کا تعلق سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ سے ہے۔ انہوں نے 2011ء میں 26 سال کی عمر میں سیالکوٹ سے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کیا اور پہلے دو سیزنز کے دوران صرف پانچ میچز ہی کھیل پائے۔ لیکن 2014ء اور 2015ء کے سیزن کے 6 میچوں میں انہوں نے پہلی سینچری سمیت مجموعی طور پر 310 رنز اسکور کیے۔

بلال آصف : وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار
بلال آصف : وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار

بلال آصف نے زمبابوے کے خلاف ہرارے میں دو اور ابوظہبی میں ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا جبکہ مئی 2015ء میں سپر نائن ٹی 20 کپ کے ایک میچ میں صرف 48 گیندوں پر دھواں دار سنچری اسکور کی۔

2015ء میں جب محمد حفیظ پر مشکوک بالنگ ایکشن کے باعث ایک سال کی پابندی تھی اور سعید اجمل ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے تھے تو بلال آصف متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اسکواڈ کا حصہ تھے۔ لیکن وہ کوئی ٹیسٹ نہیں کھیل پائے۔

بلال آصف نے نومبر 2015ء میں انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچ کھیلا لیکن غیر متاثر کن پرفارمنس کی وجہ سے وہ ٹیم میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔ اُس میچ میں انہوں نے صرف 4 اوور کرائے اور 32 رنز دیے۔

XS
SM
MD
LG