رسائی کے لنکس

بل گیٹس اور ملنڈا کا ازدواجی سفر کے خاتمے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دنیا کے امیر ترین جوڑوں میں شمار ہونے والے بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملنڈا نے 27 برس بعد اپنے ازدواجی سفر کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔ جوڑے نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔

ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور ملنڈا نے پیر کو اپنی الگ الگ ٹوئٹس میں علیحدگی کا مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔

بیان میں جوڑے نے کہا ہے کہ "ہم بہت سوچ بچار کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اپنی شادی کو ختم کر دیا جائے۔"

بیان میں کہا گیا ہے کہ علیحدگی کے باوجود وہ 'بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن' کے لیے ایک ساتھ کام کرتے رہیں گے۔

بل گیٹس اور ملنڈا کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 130 ارب ڈالر ہے۔ عالمی سطح پر اس جوڑے کو انسان دوست مانا جاتا ہے جن کا فلاحی ادارہ بین الاقوامی سطح پر صحت، تعلیم، صنفی مساوات سمیت دیگر عالمی مسائل کے خاتمے کے لیے کام کرتا ہے۔

جوڑے نے اپنے مشترکہ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فلاحی مشن کے لیے تعاون جاری رکھیں گے اور فاؤنڈیشن کے لیے مل کر کام کریں گے۔

مشترکہ بیان کے مطابق "ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ زندگی کے اگلے مرحلے میں ہم بطور خاوند اور اہلیہ ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔"

یاد رہے کہ 65 سالہ بل گیٹس اور 56 سالہ ملنڈا نے 1994 میں شادی کی تھی اور اس جوڑے کے تین بچے ہیں۔

جوڑے نے اپنی فیملی کی پرائیویسی کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی نئی زندگی کے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔ تاہم جوڑے نے اپنے تین بچوں کے مستقبل سے متعلق بیان میں کوئی ذکر نہیں کیا کہ وہ کس کے پاس رہیں گے۔

دونوں کی علیحدگی کا اعلان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب دو برس قبل ہی دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل امریکی ای کامرس کمپنی 'ایمیزون' کے مالک جیف بیزوس اور ان کی اہلیہ میکنزنی کے درمیان علیحدگی ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ بل گیٹس نے کم عمری میں ہی ایک ٹیکنالوجی کمپنی کی بنیاد رکھی تھی جسے دنیا مائیکرو سافٹ کے نام سے جانتی ہے۔ کمپنی سے حاصل سرمائے کی بدولت بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شخص بھی قرار پائے تھے۔

انہوں نے 2008 میں مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے الگ ہو کر زیادہ وقت انسانی خدمت میں گزارنے کا اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG