رسائی کے لنکس

سائیکل مکینک کے خلاف توہینِ رسالت کا مقدمہ درج: پولیس ذرائع


فائل
فائل

واقع کی تصدیق کرتے ہوئے، پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم اشفاق مسیح مریم کالونی گرین ٹاؤن کا رہائشی ہے اور سائیکل مرمت کرنے والی ایک دکان میں کام کرتا ہے

سمیرہ لطیف

لاہور میں مزدوری کے تنازع پر ایک مسیحی سائیکل مکینک کے خلاف توہین رسالت کا مقدمہ درج کرکے، اُنھیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے واقع کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزم اشفاق مسیح مریم کالونی گرین ٹاؤن کا رہائشی ہے اور سائیکل مرمت کرنے والی ایک دکان میں کام کرتا ہے۔

تفصیل بیان کرتے ہوئے، انسانی حقوق کے کارکن، نپولین قیوم نے کہا ہے کہ 15 جون کو ایک شخص محمد اشفاق نے ملزم سے اپنی سائیکل کی مرمت کروائی، جس کے لیے ملزم اشفاق نے 40 روپے معاوضہ طلب کیا۔

لیکن، محمد اشفاق کا کہنا تھا کہ وہ ایک غریب آدمی ہے، اس لیے صرف 20 روپے دے گا۔ رقم کے تنازعے پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا اور آس پاس کے لوگ اکھٹے ہوگئے۔ اشفاق مسیح کا کہنا تھا کہ وہ بھی ایک غریب آدمی ہے اور اسے بھی پیسوں کی ضرورت ہے۔

نپولین قیوم کے مطابق، جھگڑا بڑھا تو وہاں اکھٹے ہونے والے لوگوں میں سے کسی نے اشفاق مسیح پر توہین رسالت کا الزام لگا دیا، جس پر پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا۔

حالیہ دِنوں، پاکستان میں توہینِ رسالت کے متنازعہ قانون سے متعلق کئی ایسے واقعات پیش آئے ہیں جہاں لوگوں نے توہین کا جھوٹا الزام لگا کر قانون کو اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ مردان یونیورسٹی کے طالب علم مشعال خان کا قتل بھی اسی سلسلے کی کڑی تھی، جسے توہین کا الزام لگا کر یونیورسٹی کے طلبا اور ملازمین نے قتل کر دیا تھا۔

عالم دین، مولانا ظہیر احمد نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام اپنے ماننے والوں کو غصے اور پیار کی حدود بتاتا ہے؛ اور یہ کہ، کسی کو خوامخواہ توہین رسالت کا ملزم ٹھہرانا افسوسناک ہے۔

XS
SM
MD
LG