رسائی کے لنکس

پرتھ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان پر 300 رنز کی برتری حاصل کرلی


آسٹریلیا نے پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان کے خلاف 300 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ہفتے کو پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے دو وکٹوں پر 132 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن پوری ٹیم 271 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز امام الحق تھے جنہوں نے 62 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ نیتھن لائن کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم 21، سعود شکیل 28، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد تین، فہیم اشرف نو، عامر جمال 10، شاہین شاہ آفریدی چار اور خرم شہزاد سات رنز بنا سکے۔ آل راؤنڈر آغا سلمان 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن نے تین، کپتان پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے دو، دو جب کہ جوش ہیزل وڈ، مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا نے پاکستان ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کے بعد فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اوپنرز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

دوسری اننگز کے دوسرے ہی اوور میں خرم شہزاد کی ایک شاندار گیند پر ڈیوڈ وارنر بلند شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے اور وہ کوئی رنز نہ بنا سکے۔

ابتدائی وکٹ ملنے کے بعد آسٹریلیا کا اسکور پانچ رنز تک پہنچا تو مارنس لبوشین بھی دو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، لبوشین بھی خرم شہزاد کا شکار بنے اور وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

کھیل کے تیسرے روز کے اختتام تک آسٹریلیا نے دو وکٹوں پر 84 رنز بنائے تو عثمان خواجہ 34 اور اسٹیون اسمتھ 43 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ پرتھ ٹیسٹ کے آغاز میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور ٹیم نے اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر کے 164 رنز کی بدولت 487 رنز بنائے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ثابت ہوئے تھے جنہوں نے 90 رنز بنائے تھے۔ عثمان خواجہ 41، مارنس لبوشین 16، اسٹیون اسمتھ 31، ٹریوس ہیڈ 40، الیکس کیری 34، مچل اسٹارک 12، پیٹ کمنز نو اور نیتھن لائن پانچ رنز بناسکے تھے۔

پاکستان کی جانب سے اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے فاسٹ بالر عامر جمال نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے دوسرے فاسٹ بالر خرم شہزاد نے دو، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

فورم

XS
SM
MD
LG