رسائی کے لنکس

پاکستانی نژاد وزیر برطانیہ کے 'بااثر ترین ایشین' قرار


سال 2015ء کےلیے برطانیہ کی طاقتور ترین ایشیائی شخصیات کی فہرست میں پاکستانی نژاد برطانوی وزیر ثقافت ساجد جاوید کا نام سب سے اوپر ہے۔

بدھ کی شام لندن میں 'جی جی ٹو' لیڈر شپ ایوارڈ کی شاندار تقریب میں برطانیہ کی 101 با اثر ترین ایشیائی شخصیات کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

سال2015 ء کے لیے برطانیہ کی طاقتور ترین ایشین شخصیات کی فہرست میں پاکستانی نژاد برطانوی وزیر ثقافت ساجد جاوید کا نام سب سے اوپر ہے جنھوں نے 'بااثر ترین ایشین' کا ایوارڈ حاصل کر کے اس فہرست میں شامل بڑے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

'لیڈر شپ اینڈ ڈائیورسٹی ایواڈز' کی سالانہ تقریب میں 100 سے زائد با اثر ترین ایشیائی افراد کی فہرست میں گزشتہ سال کی فاتح نوبل انعام یافتہ طالبہ ملالہ یوسفزئی کا نام دوسرے نمبر پر شامل کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ 10 سر فہرست بااثر ترین ایشیائی شخصیات کے ناموں میں برطانوی رکن پارلیمنٹ صادق خان ساتویں اور میوزک گروپ ون ڈائریکشن کے گلوکار زین ملک دسویں نمبر پر ہیں۔

ساجد جاویدء2010 میں رکن پارلیمان منتخب ہوئے تھے۔ انھیں کنزرویٹیو پارٹی میں ایک ابھرتا ہوا رہنما سمجھا جاتا ہے جنھیں مستقبل میں ٹوری پارٹی کے لیڈر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔2014سنہ میں برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے انھیں ثقافت، کھیل اور میڈیا کی وزارت کا قلمدان سونپا۔ ساجد جاوید وزیر ثقافت بننے سے پہلے وزرات خزانہ میں سکریٹری کے عہدے پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔

اس موقع پر ججز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ساجد جاوید نے با اثر ترین ایشین کا ایوارڈ اس وجہ سے جیتا ہے کیونکہ وہ حکومت کی اگلی صفوں میں شامل واحد جنوبی ایشیائی ہیں اور وہ اس ایوارڈ کے مستحق اس لیے بھی ہیں کیونکہ انھوں نے برطانیہ میں بسنے والے تمام لوگوں کے لیے تہذیب وثقافت کا دروازہ کھولنے کا عزم کر رکھا ہے۔

برطانیہ میں رہنے والی طاقتور ایشیائی شخصیات کے ناموں پر مشتمل 'پاور لسٹ' پبلشنگ ہاوس 'ایشین میڈیا اینڈ مارکیٹنگ گروپ' کی طرف سے مرتب کی گئی ہے جس میں رکن پارلیمان اور لیبر پارٹی کے قانون ساز کیتھ واز کو تیسرا با اثر ترین ایشین قرار دیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ اس فہرست میں بزنس ٹائیکون لکشمی متل اور ہندوجا بردارن چوتھے اور پانچویں نمبر پر منتخب کے گئے ہیں۔

ان کے علاوہ ٹوری کی رکن پارلیمینٹ پریتی پٹیل اور سالیش وارا نے چھٹی اور نویں پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ طاقتور ایشین کی فہرست میں پہلی بار برطانوی کرکٹر معین علی کا نام 28 ویں نمبر پرشامل کیا گیا ہے۔

پاور لسٹ کے ناموں کے مطابق زندگی کےمختلف شعبہ جات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 19 خواتین کو با اثر ترین ایشین شخصیات کا خطاب دیا گیا ہے جن کے ساتھ ساتھ کامیاب تاجروں اور خیراتی اداروں کی قیادتوں کو بھی سراہا گیا ہے۔

ایشین پاورلسٹ کے مینجنگ ڈاریکٹر کالپیش سولنکی نے کہا کہ جی جی ٹو لیڈر شپ ایواڈز ایسے غیر معمولی افراد کی کامیابیوں کو تسلیم کرتا ہے جنھوں نے اپنی اعلی کارکردگی کے ذریعے راہ کی رکاوٹوں کو دور کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG