رسائی کے لنکس

ترکی میں بس کو حادثہ، پاکستانیوں سمیت 17 تارکینِ وطن ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ترک خبر رساں ادارے 'انا طولیہ' کے مطابق 14 افراد کی گنجائش والی بس میں 50 سے زائد غیر ملکی تارکینِ وطن سوار تھے۔

ترکی میں غیر قانونی تارکینِ وطن سے بھری ایک بس کو پیش آنے والے حادثے میں بعض پاکستانیوں سمیت 17 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثہ مشرقی صوبے اگدر میں جمعے کو پیش آیا۔ بس میں موجود افراد کا تعلق پاکستان کے علاوہ افغانستان اور ایران سے تھا جو ترک حکام کے بقول ایران کے راستے غیر قانونی طریقے سے ترکی میں داخل ہوئے تھے۔

ترک خبر رساں ادارے 'انا طولیہ' کے مطابق 14 افراد کی گنجائش والی بس میں 50 سے زائد افراد سوار تھے جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگدر سے کارس جانے والی شاہراہ پر سڑک کے کنارے نصب ایک کھمبے سے ٹکرانے کے بعد بس میں آگ لگ گئی جو بیشتر ہلاکتوں کی وجہ بنی۔

'اناطولیہ' کی رپورٹ کے مطابق بس کے بالکل پیچھے ہی تارکینِ وطن سے بھرا ایک ٹرک بھی آرہا تھا جس نے حادثے کے بعد بس سے گرنے والے بعض تارکینِ وطن کو کچل دیا۔

حکام نے ٹرک کے ڈرائیور سمیت اس میں سوار 13 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

اگدر صوبے کے گورنر انور اونلو نے کہا ہے کہ ان کے صوبے میں انسانی اسمگلنگ کے واقعات تواتر سے پیش آرہے ہیں اور اسمگل کیے جانے والے افراد کے حادثے کا شکار ہونے پر انہیں افسوس ہے۔

حالیہ برسوں کے دوران خانہ جنگی کا شکار شام اور کئی دیگر ملکوں کے باشندوں کے ترکی کے راستے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے والوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور اس کوشش کے دوران سیکڑوں افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG