رسائی کے لنکس

logo-print

امریکہ: کیلیفورنیا میں 7.1 شدت کا زلزلہ، متعدد افراد زخمی


زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں شدید زلزلے کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے اور عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔

حکام کے مطابق زلزلے سے ریج کریسٹ شہر میں زیادہ نقصان ہوا، زلزلے کے جھٹکوں سے عمارتوں کی بنیادیں ہل گئیں اور لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، جمعرات کے روز بھی اسی علاقے میں 6.4 شدت کے زلزلہ آیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جمعرات کے زلزلے کے بعد علاقے میں 1400 آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔

حکام نے زلزلے کے باعث متعدد عمارتوں میں آگ لگنے اور لوگوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، زلزلے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ شمال مغربی علاقوں میں زیادہ نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

زلزلے کے بعد متعدد علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات بھی ہوئے ہیں۔
زلزلے کے بعد متعدد علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات بھی ہوئے ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے کافی دیر تک محسوس کیے گئے، یہ زلزلہ جمعرات کو آنے والے زلزلے سے کئی گنا زیادہ شدت کا تھا۔

لاس اینجلس کے میئر ایرک گریسیٹی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سیفٹی ٹیمیں بھیج دی گئیں ہیں، جو مکانات کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیں گی۔

فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث بجلی کے پولز کو بھی نقصان پہنچا ہے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہو گئی ہے۔

زلزلے کے جھٹکے میکسیکو اور لاس ویگاس میں بھی محسوس کیے گئے۔

کیلیفورنیا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں دوبارہ زلزلے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

XS
SM
MD
LG