رسائی کے لنکس

کیلی فورنیا کی 'ڈیتھ ویلی' نے گرمی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے؟


کیلی فورنیا کی ویلی آف ڈیتھ :فائل فوٹو
کیلی فورنیا کی ویلی آف ڈیتھ :فائل فوٹو

کرہ ارض کے گرم ترین مقامات میں شامل امریکی ریاست کیلی فورنیا کی 'ڈیتھ ویلی' میں محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار 16 اگست کو درجہ حرارت 54.4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیتھ ویلی میں، جہاں گرمی کی پیمائش کے لیے جدید ترین آلات استعمال کیے جاتے ہیں، ممکنہ طور پر 130 درجے فارن ہائٹ کا یہ ٹمپریچر کرہ ارض پر ریکارڈ کیا جانے والا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

خیال رہے کہ یہ درجہ حرارت سایہ دار جگہ کا ہے۔

درجہ حرارت اتوار کی سہ پہر 3 بج کر 41 منٹ پر ڈیتھ ویلی نیشنل پارک میں واقع ایک خود کار آبزرویشن سسٹم کی مدد سے ریکارڈ کیا گیا۔

اس سے قبل اسی مقام سے کچھ فاصلے پر 1913 میں 57 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا، لیکن ماہرینِ موسمیات کے مطابق اس دوران آنے والی آندھی کی وجہ سے یہ ریڈنگ متنازع ہو گئی تھی۔

بعد ازاں 1933 میں تیونس کے شہر قبلی میں 55 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔ لیکن پرانے آلات کے ذریعے جانچے جانے والے اس درجہ حرارت پر بھی ماہرین موسمیات کے تحفظات تھے۔

کویت کے شہر مطربہ اور پاکستان کے شہر تربت میں 2016 اور 2017 میں 54 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ لیکن ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے ایک جائزے کے بعد اس میں کچھ کمی کر دی گئی تھی۔

ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے جنیوا میں قائم دفتر کے مطابق 'ڈیتھ ویلی' میں ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے جس کے بعد یہ تعین ہو گا کہ آیا یہ کرہ ارض پر ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت تھا یا نہیں؟

امریکہ کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ ابتدائی ریڈنگ ہے اور اسے سرکاری طور پر ابھی مستند قرار نہیں دیا جا سکتا اور اس جانچ پڑتال اور تصدیقی عمل میں دو ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

عالمی سطح پر کئی دہائیوں تک 1922 میں لیبیا میں ریکارڈ کیے گئے 58 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کو دنیا میں ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت قرار دیا جاتا رہا ہے۔

لیکن ماہرینِ موسمیات نے 2010 اور 2012 میں ایک تحقیق کے بعد اس ریکارڈ کو غیر مصدقہ قرار دے دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس زمانے میں یہ ریڈنگ ناتجرکار عملے نے غیرمعیاری آلات سے لی تھی۔

خیال رہے کہ ان دنوں امریکہ کی جنوب مغربی ریاستیں شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور دیگر عوامل کی وجہ سے دنیا کا درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG