رسائی کے لنکس

یوکرین طیارہ حادثہ، انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: ٹروڈو


وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے جس تعزیتی اجتماع سے خطاب کیا اس میں 2300 سے زائد افراد شریک تھے
وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے جس تعزیتی اجتماع سے خطاب کیا اس میں 2300 سے زائد افراد شریک تھے

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ وہ ایران کے میزائل سے تباہ ہونے والے یوکرین کے مسافر طیارے میں ہلاک افراد کے لواحقین کے لیے انصاف اور احتساب کا حصول ممکن بنانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سانحے میں 57 کینیڈین نژاد ایرانی ہلاک ہوئے تھے۔ یہ گزشتہ 40 سال میں کینیڈا کے شہریوں کی ایک ساتھ ہلاکت کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

کینیڈا کے مغربی صوبے البرٹا کے شہر ایڈمنٹن میں ایک جمنازیم میں 2300 افراد کا اجتماع ہوا۔ البرٹا کے 13 افراد جہاز کے تباہ ہونے سے ہلاک ہوئے تھے ان میں سے اکثر کا تعلق البرٹا یونیورسٹی سے تھا۔

البرٹا میں اجتماع میں شرکت کے دوران جسٹن ٹرڈو نے کہا "ممکن ہے کہ آپ خود کو ناقابل برداشت حد تک تنہا محسوس کریں لیکن آپ لوگ تنہا نہیں ہیں۔ آپ کا پورا ملک آج، کل اور آئندہ برسوں میں آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔"

جسٹن ٹرڈو کا مزید کہنا تھا کہ یہ سانحہ کبھی نہیں ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے وہاں موجود افراد کو یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو اس مشکل وقت میں میری غیر معمولی حمایت حاصل رہے گی۔

گزشتہ ہفتے یوکرین کا مسافر طیارہ تہران سے 'کیو' جا رہا تھا کہ پرواز کے کچھ ہی منٹ بعد تہران کے مضافات میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ حادثے میں تمام 176 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔

ایران نے مسلسل انکار کے بعد ہفتے کو اعتراف کیا تھا کہ اس نے غلطی سے یوکرین کا طیارہ تباہ کیا۔

ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا تھا کہ طیارہ پاسدران انقلاب کی حساس تنصیبات کے قریب سے گزر رہا تھا، جسے غلطی سے مار گرایا گیا۔ غلطی کے مرتکب افراد کے خلاف عدالتی کارروائی کی جائے گی۔

سانحے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے خطاب میں جسٹن ٹروڈو کا مزید کہنا تھا کہ آپ لوگوں نے ہمیں ایک مقصد دیا ہے کہ آپ لوگوں کے لیے انصاف اور احتساب کو ممکن بنایا جائے۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک وہ ہمارے سوالات کے جواب نہیں دے دیتے۔

امریکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کے مطابق جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ نشانہ بننے والے کئی افراد کینیڈا میں اپنے خاندانوں کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے آئے تھے۔

انہوں نے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے کہا کہ "آپ کی تکلیف اور درد کا مداوا الفاظ سے ممکن نہیں۔ امید کرتا ہوں کہ آپ کو کچھ اطمینان ہو کہ کینیڈا کے تمام شہری آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہی بات کینیڈا کو مضبوط بناتی ہے۔"

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک احتساب اور انصاف نہیں ہو جاتا۔

قبل ازیں کینیڈا کے ایک اور شہر ٹورانٹو میں بھی ایک تعزیتی اجتماع ہوا تھا۔ یونیورسٹی ہال میں ہونے والے اجتماع میں دو ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔

مختلف شہروں میں تعزیتی اجتماعات میں لوگ بڑی تعداد میں شریک ہو رہے ہیں جب کہ مرنے والوں کی یاد میں شمعیں اور موم بتیاں بھی روشن کی جا رہی ہیں۔

طیارہ تباہ کرنے کے ایران کے اعتراف کے بعد یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے واقعے کی مکمل تحقیقات اور متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

یوکرینی طیارہ مار گرانے کے اعتراف کے بعد ایران میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں اور گزشتہ دو روز کے دوران شہری ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں مختلف مقامات پر جمع ہوئے اور موم بتیاں روشن کیں۔

احتجاج میں شریک مظاہرین ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔ وہ نعرے لگا رہے تھے کہ "جھوٹوں کو اقتدار سے نکالو اور آمروں کو پھانسی دو۔"

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ بہادر ایرانی عوام اور طویل عرصے سے ظلم برداشت کرنے والے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ایران کی حکومت کے خلاف ہونے والے مظاہروں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مظاہرین پر کسی قسم کا ظلم برداشت نہیں کریں گے۔

XS
SM
MD
LG