رسائی کے لنکس

یوکرین کا مسافر طیارہ ایران میں گر کر تباہ، 176 افراد ہلاک


مسافر طیارہ بوئنگ 737 نے تہران کے امام خمینی ایئر پورٹ سے پرواز بھری تھی کہ دارالحکومت تہران کے جنوب مغربی علاقے پارند کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
مسافر طیارہ بوئنگ 737 نے تہران کے امام خمینی ایئر پورٹ سے پرواز بھری تھی کہ دارالحکومت تہران کے جنوب مغربی علاقے پارند کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

یوکرین کا مسافر طیارہ ایران کے دارالحکومت تہران میں گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق یوکرین کے مسافر طیارے بوئنگ 737 نے تہران کے امام خمینی ایئر پورٹ سے پرواز بھری تھی کہ دس کلو میٹر دور دارالحکومت تہران کے جنوب مغربی علاقے پارند کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کیں۔ تاہم ایمرجنسی میڈیکل سروس کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں سوار تمام 176 مسافر ہلاک ہو گئے ہیں۔

تہران میں یوکرین کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ طیارے کے انجن میں خرابی معلوم ہوتی ہے۔

یوکرین کے سفارت خانے نے دہشت گردی کی کسی کارروائی میں طیارہ کی تباہی کے خدشے کو مسترد کیا ہے۔

طیاروں کی آمد و رفت پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ 'فلائٹ ریڈار 24' کے مطابق یوکرین ایئر لائن کی فلائٹ 752 کو تہران کے مقامی وقت کے مطابق بدھ کی صبح پانچ بج کر 15 منٹ پر اڑنا تھا جس کی آخری منزل یوکرین کے دارالحکومت کیو کا بورسپل انٹرنیشنل ایئر پورٹ تھا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں یوکرین کے طیارے کو فضا میں بلند ہونے کے بعد اس میں لگنے والی آگ دیکھی جا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ایک ماہ کے دوران یہ دوسرا بڑا فضائی حادثہ ہے۔ اس سے قبل 27 دسمبر کو قازقستان کی ایئر لائن 'بیک ایئر' کا طیارہ الماتی شہر کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا جس میں عملے سمیت 99 افراد سوار تھے۔

مذکورہ حادثے میں جہاز گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ تاہم حادثے میں 14 افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG