رسائی کے لنکس

چیس کی شاندار سنچری، ویسٹ انڈیز 6 وکٹوں پر 286 رنز


ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ میزبان ٹیم ک بڑا اسکور نہیں کرپائے گی لیکن روسٹن چیس نے پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ کرتے ہوئے سنچری مکمل اور اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی

ویسٹ انڈیز ٹیم نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بیٹسمین روسٹن چیس کی شاندار سنچری کے ساتھ پہلے روز کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر286 رنز بنا لئے۔

چیس 131 اور ہولڈر 58 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

کنگسٹن اوول، برج ٹاؤن میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے اوپنر بریتھویٹ صرف 9 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز کو کیچ دے بیٹھے جب کہ شمرون ہٹمائز صرف ایک رن بنا کر محمد عباس کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔

شائی ہوپ کو صرف 5 رنز پر پویلین لوٹنا پڑا، روسٹن چیس اور کائرن پاول نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز جوڑ کر کسی حد تک ٹیم کی پوزیشن بہتر کر دی۔

کائرن پاول 38 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، وشال سنگھ کو صرف تین رنز پر محمد عباس نے آؤٹ کیا تو ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم 107 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

شین ڈوروچ 29 رنز کی اننگز کھیل کر شاداب خان کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، ٹیسٹ کیریئر میں شاداب کی یہ پہلی وکٹ ہے۔

ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ میزبان ٹیم کی باقی وکٹیں بھی جلد گرجائیں گی اور وہ بڑا اسکور نہیں کرپائیں گی لیکن روسٹن چیس نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی جو ٹیسٹ میچوں میں ان کی دوسری سنچری ہے۔

رہی سہی کسر چیس اور کپتان ہولڈر کی ساتویں وکٹ کے لیے 132 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے پوری کر دی۔

بولرز سرتوڑ کوشش کے باوجود مزید کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے اور ویسٹ انڈیز نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 6وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنالئے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر اور محمد عباس نے دو، دو جب کہ یاسر شاہ اور شاداب خان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG