رسائی کے لنکس

وبا سے اموات میں کمی، 11 مقامات پر وائرس کا خاتمہ


کرونا وائرس سے اموات میں ڈرامائی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 15 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔

اس کے علاوہ 11 ملکوں اور خود مختار خطوں میں کرونا وائرس کے تمام کیسز نمٹ گئے ہیں، یعنی یا تو مریض صحت یاب ہو گئے ہیں یا ان کا انتقال ہو گیا ہے اور کوئی نیا کیس موجود نہیں۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق پیر کو دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 42 لاکھ اور اموات کی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار سے زیادہ ہو گئی۔

24 گھنٹوں کے دوران فرانس میں 263، برطانیہ میں 210، اٹلی میں 179، اسپین میں 123، کینیڈا میں 122 اور میکسیکو میں 112 مریض چل بسے۔ روس، برازیل، بھارت، ترکی اور بیلجیم میں 50 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔

امریکہ میں پیر کی سہہ پہر تک 438 افراد کا انتقال ہوا تھا۔ اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 81 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ ملک میں کرونا وائرس کے 96 لاکھ ٹیسٹ ہو چکے ہیں جن میں 13 لاکھ 75 ہزار مثبت آئے ہیں۔

امریکہ کی 15 ریاستوں میں ایک ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں جن میں نیویارک لگ بھگ 27 ہزار اموات کے ساتھ پہلے اور نیوجرسی 9 ہزار اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

برطانیہ میں 32، اٹلی میں 30، اسپین میں 26، فرانس میں بھی 26 اور برازیل میں 11 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ روس اور برطانیہ نے کیسز کی تعداد میں اٹلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اسپین میں 2 لاکھ 68 ہزار، برطانیہ میں 2 لاکھ 23 ہزار، روس میں 2 لاکھ 21 ہزار اور اٹلی میں 2 لاکھ 19 ہزار مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ایک لاکھ سے زیادہ کیسز والے دوسرے ملکوں میں فرانس، جرمنی، برازیل، ترکی اور ایران شامل ہیں۔

اب تک 11 ملکوں میں 10 لاکھ سے زیادہ کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ امریکہ کے بعد روس میں سب سے زیادہ 56 لاکھ ٹیسٹ ہوئے ہیں۔ جرمنی میں 27 لاکھ اور اٹلی میں 26 لاکھ ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔

شفا پانے والے 15 لاکھ 20 ہزار افراد میں سب سے زیادہ یعنی 2 لاکھ 59 ہزار کا تعلق امریکہ سے ہے۔ اسپین کے ایک لاکھ 77 ہزار، جرمنی کے ایک لاکھ 45 ہزار اور اٹلی کے ایک لاکھ 6 ہزار شہری صحت یاب ہوئے ہیں۔

جن 11 ملکوں یا خود مختار خطوں میں کرونا وائرس کے تمام کیسز کا کوئی نہ کوئی نتیجہ برآمد ہو چکا ہے، ان میں ماریشس، فیرو آئی لیںڈز، بیلیز، نیو کیلیڈونیا، فاک لینڈ آئی لینڈز، گرین لینڈ، سری نام، پپوا نیو گنی، سینٹ بارتھ، اینگیلا اور سینٹ پئیر میکیلون شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG