رسائی کے لنکس

آسٹریلیا کا 604 رنز پر اننگز ختم کرنے کا اعلان


آسٹریلیا کا 604 رنز پر اننگز ختم کرنے کا اعلان
آسٹریلیا کا 604 رنز پر اننگز ختم کرنے کا اعلان

آسٹریلیا نے بدھ کو ایڈیلیڈ میں چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن 7 وکٹوں کے نقصان پر 604 رنز بنا کر پہلی اننگز ختم کرکے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے کھیل ختم ہونے تک دو وکٹوں کے نقصان پر 61 رنز بنائے ہیں۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں وریندر سہواگ اور راہول ڈراویڈ شامل ہیں۔

اس سے قبل کپتان مائیکل کلارک اور رکی پونٹنگ نےایک بار پھرشاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبل سنچریاں اسکور کیں۔ اُنھوں نے بالترتیب 210 اور221 رنز بنائے۔ پونٹنگ کی ٹیسٹ کرکٹ میں یہ چھٹی ڈبل سنچری ہے۔

دونوں آسٹریلوی بلے بازوں کے درمیان 386 رنز کی شراکت ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کی چوتھی بڑی پارٹنرشپ ہے۔ اس سے قبل تینوں پارٹنرشپس میں تاریخ ساز آسٹریلوی بلے باز ڈان بریڈمین شریک تھے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بریڈمین اور ویلے ہیمنڈ کے بعد کلارک تیسرے کھلاڑی ہیں جنہیں ایک ہی سیریز میں ایک ٹرپل سنچری اور ایک ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

چائے کے وقفے کے بعد جب بریڈ ہیڈن 42 اور رائن ہارس 35 رنز پر کھیل رہے تھے تو آسٹریلوی کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا فیصلے کرتے ہوئے آخری 21 اوورز بھارت کو کھیلنے کی دعوت دے دی۔

آسٹریلیا پہلے تینوں ٹیسٹ میچوں میں بھارت کو شکست دے چکا ہے اور آخری ٹیسٹ کو بچانے کے لیے مہمان ٹیم کو باقی کے تین دنوں میں بہت محنت کرنی ہوگی جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ پچ بلے بازوں کے لیے بہت سازگار ہے۔

XS
SM
MD
LG