رسائی کے لنکس

کرکٹ کپ ، سپر ایٹ تک رسائی حاصل کرنے والے چارکپتان سبکدوش


کرکٹ کپ ، سپر ایٹ تک رسائی حاصل کرنے والے چارکپتان سبکدوش
کرکٹ کپ ، سپر ایٹ تک رسائی حاصل کرنے والے چارکپتان سبکدوش

عالمی کپ دو ہزار گیارہ کی سپر ایٹ طاقتوں میں چیمپین بھارت کے علاوہ دیگرٹیموں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں جاری ہیں اور سات میں سے چار کپتان اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو چکے ہیں جبکہ دیگر تین ٹیموں میں بھی بڑے پیمانے پررد و بدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ کرکٹ کی دسویں عالمی جنگ میں انجام تک پہنچنے سے پہلے ہی مستعفی ہونے کا اعلان کر چکے تھے لہذا کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ان کا سفر تمام ہوا ۔

مذکورہ معرکہ فتح کرنے والے کیوی کپتان ڈینیل ویٹوری کا جشن بھی وقتی ثابت ہوا اورسیمی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد انہوں نے بھی ایک روزہ مقابلوں میں قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ کیویز کے لئے بات یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ کپتان ویٹوری کے بعد ٹیم منیجر ڈیوکیورے بھی اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو گئے ۔

دوسری جانب سری لنکن کپتان سنگاکارا کی سیمی فائنل میں فتح کی خوشی بھی بھارتی ٹیم نے فائنل میں کرکری کردی جس کے نتیجے میں سنگاکارا بھی ایک روزہ عالمی کرکٹ کی قیادت کو خیر باد کہہ گئے ۔

اس تمام تر صورتحال میں انگلش کپتان اینڈریو اسٹراس پر بھی قیادت چھوڑنے کا دباؤ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں اسٹراس نے بیان دیا ہے کہ وہ اس حوالے سے ویلز کرکٹ بورڈ کے حکام کے ساتھ بیٹھ کر انگلش کرکٹ روڈ میپ پر تبادلہ خیال کریں گے اور ملکی کرکٹ مفاد میں فیصلہ کریں گے لہذا ان کی جانب سے بھی بڑا فیصلہ آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

کوارٹر فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز ٹیم کی قیادت بھی شدید تنقید کی زد میں ہے اور کسی وقت بھی کوئی بڑا فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے ۔ویسٹ انڈیز کو شکست دینے والی پاکستان کو سیمی فائنل میں بھارت سے شکست کاکڑوا گھونٹ پینے کو ملا جس کے بعد اگر چہ پاکستانی قیادت تو محفوظ نظر آ رہی ہے تاہم تین سے چار سینئرز کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا سامنا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں اب آرام دیا جائے گا۔

ادھر بھارت کے خلاف کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کی شکست کے بھی بڑے پیمانے پر اثرات دیکھے گئے اور ٹیم کو مسلسل دو بار عالمی چیمپین بنانے والے آسٹریلیا کے سب سے کامیاب کپتان رکی پونٹنگ کی قیادت کا سورج بھی غروپ ہو گیا ۔

XS
SM
MD
LG