رسائی کے لنکس

بارش کے باعث سری لنکا، بنگلہ دیش میچ منسوخ


میچ کی منسوخی سے قبل امپائر گراؤنڈ کا معائنہ کر رہے ہیں
میچ کی منسوخی سے قبل امپائر گراؤنڈ کا معائنہ کر رہے ہیں

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان برسٹل میں کھیلا جانے والا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔

امپائرز نے بارش کے دوران گراؤنڈ کا آخری معائنہ کرنے اور گراؤنڈ سٹاف سے بات کرنے کے بعد فیصلہ کیا کہ برسٹل میں مسلسل جاری بارش کے باعث میچ کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔ لہٰذا، اسے منسوخ کر کے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ایوارڈ کر دیا گیا ہے۔

میچ کی منسوخی سے بنگلہ دیش کے پوائنٹس کی تعداد چار میچ کھیلنے کے بعد 3 ہو گئی ہے، جبکہ سری لنکا نے چار ہی میچ کھیل کر 4 پوائنٹ حاصل کئے ہیں۔

کرکٹ ورلڈ کپ کا یہ تیسرا میچ ہے جو بارش کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔ اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 7 جون کو شیڈولڈ میچ بھی بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

پیر کو ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان میچ بھی ساؤتھ افریقہ کی بیٹنگ کے دوران روک دیا گیا تھا، جو مسلسل بارش کی نذر ہو گیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق میچ منسوخ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملتا ہے۔

اس سال کا ورلڈ کپ سب سے زیادہ میچوں کے بارش سے متاثر ہونے والا ورلڈ کپ ہے۔ اس سے قبل 1992 اور 2003 کے ورلڈ کپ میں دو دو میچ بارش کی نذر ہوئے تھے۔

ادھر سری لنکا کی ٹیم منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ سری لنکن کھلاڑی لاستھ مالنگا کو چند دن کی رخصت دی گئی ہے اور وہ اپنی ساس کے انتقال کے باعث سری لنکا واپس جا رہے ہیں۔ تاہم، توقع ہے کہ وہ ہفتے کے روز انگلینڈ کے خلاف ہونے والے میچ سے قبل واپس لوٹ آئیں گے۔

پاکستان کرکٹ ورلڈ کپ کا چوتھا میچ 12 جون کو آسٹریلیا کے خلاف ٹانٹن میں کھیلے گا۔ تاہم، منگل کے روز یہاں بھی بارش کے باعث پاکستان ٹیم نے ان ڈور پریکٹس کی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ بھی بارش کی وجہ سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

XS
SM
MD
LG