رسائی کے لنکس

پی ایس ایل میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد شروع


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جب کہ کچھ غیر ملکی کھلاڑیوں نے ٹوئٹر پر جلد آمد کی نوید بھی سنا دی ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی گزشتہ رات پاکستان پہنچ گئے تھے۔ وہ پی ایس ایل کے گزشتہ چاروں ایڈیشنز کا حصہ رہے ہیں۔ پشاور زلمی 2017 میں پی ایس ایل جیت کر ٹرافی بھی اپنے نام کر چکی ہے۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا ہے۔

ڈیرن سیمی نے اس بار گوگل ٹرانسلیٹر کی مدد سے اردو میں ٹوئٹ کیا ہے۔ مشینی اردو ترجمے کے سبب یہ پڑھنے والوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے۔

پشاور زلمی کے ہی ایک اور کھلاڑی ٹام بینٹن نے جاوید آفریدی کے نام ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ڈیرن سیمی کے بعد وہ بھی جلد کراچی پہنچنے والے ہیں۔ ٹام بینٹن کا تعلق انگلینڈ سے ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے شین واٹسن نے بھی اپنے پیغام میں پاکستان آنے کی نوید سنائی ہے۔ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کا حصہ ہیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں شین واٹسن نے پاکستان آنے پر خوشی کے اظہار کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کرنے پر بھی زور دیا ہے۔

لیام ڈاؤسن نے بھی جلد پاکستان آمد کا اعلان کرتے ہوئے اردو زبان میں ٹوئٹ کیا ہے اور خوشی کا اظہار بھی کیا ہے۔ لیام بھی پشاور کی جانب سے پی ایس ایل سیزن فور میں کھیل چکے ہیں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے پشاور میں پاکستانی کھانوں چپلی کباب اور دم پخت کا بھی ذکر کیا ہے۔

پی ایس ایل کھیلنے والے دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں میں کرس گیل، اے بی ڈی ویلیئرز، کمار سنگا کارا، کیون پیٹرسن، آندرے رسل، برینڈن میکولم، شکیب الحسن، سنیل نارائن، کارلوس بریتھ ویٹ، مارلن سیمویلز، ایون مورگن، ڈیون براوو اور تمیم اقبال وغیرہ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG