رسائی کے لنکس

پاکستانی عدالت میں کلبھوشن کو بھارتی وکیل فراہم کرنے کا مطالبہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نئی دہلی نے پاکستان میں سزائے موت کے منتظر مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کی نظر ثانی کی اپیل کا مقدمہ لڑنے کے لیے کسی بھارتی وکیل کی نامزدگی کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تین اگست کو ایک فیصلے میں کہا تھا کہ بھارت کو عدالت میں کلبھوشن جادھو کا دفاع کرنے کے لیے وکیل مقرر کرنے کا ایک اور موقع دیا جانا چاہیے۔

پاکستان نے بھارت کو اس معاملے میں قانونی نمائندہ مقرر کرنے کی پیشکش کی تھی۔ اس سلسلے کی اگلی سماعت تین ستمبر کو ہو گی۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستو نے اپنی ہفتہ وار آن لائن بریفنگ میں کلبھوشن جادھو سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس معاملے پر ہم سفارتی ذرائع سے پاکستان سے رابطے میں ہیں۔

انوراگ سری واستو نے کہا کہ ہم نے پاکستان سے کہا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف کے فیصلے کے مطابق آزادانہ اور شفاف عدالتی کارروائی کے لیے کلبھوشن جادھو کی نمائندگی کے لیے ایک بھارتی وکیل نامزد کرنے دیا جائے۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے بقول پاکستان کو پہلے اصل مسائل حل کرنے ہوں گے۔ یعنی اس کیس کی متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کلبھوشن کو آزادانہ بلا تعطل قونصلر رسائی دینی ہو گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حال ہی میں اس معاملے میں تین سینئر وکلا کو عدالت کا معاون مقرر کیا تھا اور حکم دیا تھا کہ حکومتِ پاکستان وکیل نامزد کرنے کے لیے بھارت کو ایک اور موقع دے۔

پاکستان کی ایک فوجی عدالت نے جاسوسی کے الزام میں کلبھوشن جادھو کو سزائے موت سنائی تھی۔

پاکستان نے اس معاملے میں ملکی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی وکیل نامزد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیس کے متعلق کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی یہ قانون ہے کہ وہی وکلا فاضل جج کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں جنہیں اس ملک میں پریکٹس کرنے کا لائسنس دیا گیا ہو۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بھارت ایک ایسا وکیل نامزد کرے گا جو پاکستان میں قانونی پریکٹس کرنے کا مجاز ہو۔

'کلبھوشن یادھو کی بھارت واپسی اتنی آسان نہیں ہوگی'
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:11 0:00

زاہد حفیظ چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت بہانے بازی کر رہا ہے اور ٹال مٹول کا رویہ اپنائے ہوئے ہے۔ وہ پاکستانی عدالت کے ساتھ تعاون نہیں کر رہا اور پاکستان کو عالمی عدالتِ انصاف کے فیصلے کو مؤثر انداز میں نافذ کرنے بھی نہیں دے رہا۔

ان کے بقول بھارت کو الزام تراشی کی بجائے آگے آنا چاہیے اور پاکستانی عدالت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ ہم نے بھارت کو ایک اور قونصلر رسائی کی پیشکش کی ہے۔ امید ہے کہ نئی دہلی اس پر مثبت قدم اٹھائے گا۔

بھارتی سپریم کورٹ کے ایک سینئر وکیل اور عالمی قوانین کے ماہر اے رحمٰن نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے زاہد حفیظ چوہدری کی بات کی تائید کی اور کہا کہ ہر ملک کی بار کونسل اپنے ملک میں قانونی پریکٹس کرنے کے لیے اصول و قوانین وضع کرنے کی مجاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی وکیل چوںکہ بھارت میں پریکٹس نہیں کر سکتا اس لیے پاکستان کی بار کونسل نے بھی یہ ضابطہ وضع کر رکھا ہے کہ بھارت کا کوئی وکیل ان کے ہاں قانونی پریکٹس نہیں کر سکتا جب تک کہ وہ وہاں پریکٹس کرنے کے لیے رجسٹرڈ نہ ہو۔

اے رحمٰن کے بقول تاہم دونوں ملکوں میں ایک قانونی ضابطہ موجود ہے اور وہ یہ ہے کہ بھارت کا وکیل پاکستان جا سکتا ہے اور کسی مقامی وکیل کی خدمات حاصل کر کے اسے ہدایات دے سکتا ہے اور خاموشی سے عدالت میں موجود رہ سکتا ہے۔ اس کی موجودگی میں مقامی وکیل کیس لڑ سکتا ہے۔ یہ انتظام دونوں ممالک میں ہے۔

انہوں نے اپنی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جیلوں میں بند پاکستانی ماہی گیروں کا مقدمہ انہوں نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کی جانب سے تین سال تک لڑا تھا۔ اس سلسلے میں پاکستان سے انہیں اتھارٹی لیٹر ملا تھا اور انہیں پاکستانی ہائی کمشن سے ہدایات ملتی تھیں۔ لیکن اس کی اطلاع حکومت کو دینی ہوتی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کو یہاں کا وکیل نامزد کرنے کی بات کرنے کی بجائے پاکستان کے کسی سینئر وکیل کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں جو بھارتی وکیل کی موجودگی میں عدالت میں کلبھوشن کا مقدمہ لڑ سکے۔

بھارت نے جادھو تک قونصلر رسائی اور سزائے موت کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے 2017 میں عالمی عدالتِ انصاف سے رجوع کیا تھا۔

عالمی عدالت انصاف نے جولائی 2019 میں اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ پاکستان سزائے موت کے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور جادھو کو بلا تاخیر قونصلر رسائی فراہم کرے۔

کلبھوشن کی اپنی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات: بھارت میں کیا ردعمل ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:39 0:00

پاکستان کے صدر عارف علوی نے مئی میں حکومت کی سفارش پر ایک خصوصی آرڈیننس جاری کیا تھا جس کے تحت کلبھوشن کو ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا حق دیا گیا تھا۔

لیکن پاکستان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن نے سزائے موت پر نظر ثانی کی اپیل دائر کرنے سے انکار کیا ہے اور انہیں رحم کی درخواست پر فیصلے کا انتظار ہے۔

بھارت نے اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا اور کہا تھا کہ جادھو پر دباؤ ڈال کر اسے ایسا کہنے پر مجبور کیا گیا ہے۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ کلبھوشن جادھو کے بارے میں پاکستان کا یہ دعویٰ کہ انہوں نے نظرِ ثانی کی پٹیشن دائر کرنے سے انکار کیا ہے اسی مضحکہ خیز کھیل کا تسلسل ہے جو چار سال سے کھیلا جا رہا ہے۔

ان کے بقول بھارت کلبھوشن جادھو تک بلا تعطل قونصلر رسائی چاہتا ہے تاکہ آرڈیننس کے تحت انہیں حاصل حقوق کے لیے گفتگو کی جا سکے۔ پاکستان نے واضح طور پر کلبھوشن جادھو کو ان کے حقوق سے دستبردار ہونے پر مجبور کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 20 مئی 2020 کو آرڈیننس جاری کیا تاکہ نظرِ ثانی کے نام پر گمراہ کیا جائے۔ ہم پہلے ہی آرڈیننس کے متن پر گہری تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ہماری متواتر درخواستوں کے باوجود پاکستان نے بھارت کو کلبھوشن جادھو تک آزادانہ اور بلا تعطل رسائی فراہم نہیں کی ہے۔

نظرِ ثانی کی اپیل کی مدت ختم ہونے سے قبل بھارت نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ کلبھوشن جادھو کو بلا روک ٹوک اور کسی کی موجودگی کے بغیر قونصلر رسائی دی جائے۔ پاکستان نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشن کے اہل کاروں کی کلبھوشن سے ملاقات کا انتظام کیا۔ البتہ کلبھوشن سے ملاقات کے وقت بھارتی اہل کار یہ کہتے ہوئے واپس آ گئے کہ بلا تعطل رسائی نہیں دی گئی اور ملاقات کے وقت پاکستانی اہل کار بھی وہاں موجود تھے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG