رسائی کے لنکس

امریکی ڈرون حملہ: آرمی چیف ، صدر، وزیر اعظم کی جانب سے مذمت


پاکستانی آرمی چیف، دائیں، امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کے ساتھ ایک فائل فوٹو میں
پاکستانی آرمی چیف، دائیں، امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کے ساتھ ایک فائل فوٹو میں

آرمی چیف نے وزیرستان کی عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان آرمی ہر قیمت پر ان کی زندگیوں، عزت و وقار کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ پاکستانی آرمی قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہے نہ کہ اپنے بھائیوں کے خلاف

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری ،وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اورچیف آف آرمی اسٹاف جنر ل اشفاق پرویز کیانی نے شمالی وزیرستان کے دیہات دتہ خیل پر امریکی ڈرون حملہ کی شدید مذمت کی ہے، جس میں بے گناہ افراد کا جانی نقصان ہوا۔

جمعرات کو اپنے تعزیتی پیغام میں صدر زرداری نے ڈرون حملے میں معصوم لوگوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی جبکہ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بھی ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے حملوں سے انتہاء پسند اور دہشت گرد عناصر کے ہاتھ مضبوط ہوں گے۔
جمعرات کو ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے سےعسکریت پسند عناصر کو پرامن اور محب وطن قبائلیوں سے الگ کرنے کی کوششوں پر منفی اثرات پڑیں گے اور خطے سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ہماری مشترکہ کوششیں متاثر ہوں گی۔
وزیراعظم نے ڈرون حملوں میں بے گناہ لوگوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ خطے کے عوام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن سیکورٹی اقدامات کئے جائیں گے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں آرمی چیف اشفاق پرویز کیلانی نے کہا کہ مقامی عمائدین پر مشتمل پرامن شہریوں کے جرگے کونشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے ایسے واقعات دہشت گردی کے خاتمے کے مقصد سے دور لے جائیں گے۔
آرمی چیف نے وزیرستان کی عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان آرمی ہر قیمت پر ان کی زندگیوں، عزت و وقار کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ پاکستانی آرمی قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہے نہ کہ اپنے بھائیوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعرات کو ایک مبینہ امریکی میزائل حملے میں کم از کم 38 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

انٹیلی جنس حکام نے بتایا کہ یہ حملہ دتہ خیل تحصیل کے علاقے خڑ تنگی میں کیا گیا جہاں بغیر پائلٹ کے جاسوس طیارے یا ڈرون کے ذریعے ایک مکان پر چار میزائل داغے گئے۔

جمعرات کو ہونے والے حملے سے متعلق متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ حکام کے مطابق اس کا ہدف حافظ گل بہادر کے حامی قبائلی عمائدین کا جرگہ تھا جس میں دو متحارب شدت پسند گروہوں کے درمیان تصفیے کی کوشش کی جا رہی تھی جب کہ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ میزائل ایک گاڑی پر داغے گئے اور دھماکوں سے مکان بھی تباہ ہو گیا۔

XS
SM
MD
LG