رسائی کے لنکس

میکسیکو میں 8.2 شدت کا شدید زلزلہ، 60 سے زائد افراد ہلاک


زلزلے سے کئی عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں
زلزلے سے کئی عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں

زلزلے کا مرکز میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاس کے مرکزی شہر تپاچولا سے 165 کلومیٹر مغرب میں لگ بھگ 70 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

میکسیکو کے جنوبی علاقے میں شدید زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 61 ہو گئی ہے۔

امریکہ کے ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2ء8 ریکارڈ کی گئی جو مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی شب 11:49 منٹ پر آیا۔

زلزلے کا مرکز میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاس کے مرکزی شہر تپاچولا سے 165 کلومیٹر مغرب میں لگ بھگ 70 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

میکسیکن حکام کے مطابق زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کے جھٹکے اس کے مرکز سے لگ بھگ ایک ہزار کلومیٹر دور واقع دارالحکومت میکسیکو سٹی میں بھی محسوس کیے گئے جہاں لوگ خوف کے مارے گھروں سے نکل آئے۔

زلزلے کے باعث دارالحکومت کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جب کہ شہر کے مرکزی ہوائی اڈے کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

امریکہ کے سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے باعث وسطی امریکہ کے کئی ممالک کے بحرالکاہل سے متصل ساحلی علاقوں سے بلند لہروں کے ٹکرانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

وارننگ سسٹم کے مطابق زلزلے کے باعث ایک میٹر بلند سمندری لہریں اٹھیں لیکن اس سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔

زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان ریاست چیاپاس میں ہی ہوا ہے جس کے ساحل سیاحوں میں خاصے مقبول ہیں۔ ریاست میں اب تک تین افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

چیاپاس کے گورنر مینوئل ویلاسکو نے ریاست کے ساحلی علاقوں کے نزدیک رہنے والے افراد سے کہا ہے کہ وہ حفاظتی اقدام کے طور پر عارضی نقل مکانی کر جائیں۔

گورنر نے بتایا کہ شدید زلزلے سے ریاست کے کئی اسپتالوں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے جب کہ گھروں، اسکولوں اور سرکاری دفاتر کو نقصان پہنچا ہے۔

چیاپاس کی پڑوسی ریاست ٹباسکو کے گورنر آرٹورو نونیز نے کہا ہے کہ زلزلے کے باعث ان کی ریاست میں بھی کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور اب تک دو بچوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

چیاپاس میں شہری دفاع کے محکمے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس آسکتے ہیں جس کے لیے وہ تیار ہیں۔

میکسیکو سے متصل وسطی امریکہ کے ملک گوئٹے مالا کے صدر جمی مورالز نے زلزلے کے فوراً بعد ٹی وی پر قوم سے خطاب میں عوام سے پرسکون رہنے اور امدادی اہلکاروں کو نقصانات کا اندازہ لگانے کی ہدایت کی ہے۔

جمعرات کو آنے والے زلزلے کی شدت 1985ء میں میکسیکو میں آنے والے اس تباہ کن زلزلے سے خاصی زیادہ ہے جس سے ہزاروں افراد ہلاک اور دارالحکومت میکسیکو سٹی کا ایک بڑا حصہ تباہ ہوگیا تھا۔

XS
SM
MD
LG