رسائی کے لنکس

ملک بھر میں تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہان معطل


الیکشن کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام بلدیاتی اداروں بشمول کنٹونمنٹ کے بلدیاتی سربراہان بھی 25 جولائی تک معطل رہیں گے۔ یہ اقدام ملک میں شفاف انتخابات کی غرض سے کیا گیا ہے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کے تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو معطل کر دیا ہے، جبکہ فوجی اہلکاروں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارت سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

کمیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک کے تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو معطل کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام بلدیاتی اداروں بشمول کنٹونمنٹ کے بلدیاتی سربراہان بھی 25 جولائی تک معطل رہیں گے۔ یہ اقدام ملک میں شفاف انتخابات کی غرض سے کیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن پر اثرانداز ہونے کے حوالے سے کسی بھی اقدام کی روک تھام کرے۔ لہذا، آئین کے آرٹیکل 218(3) کے مطابق، تمام بلدیاتی اداروں کے چئیرمین نائب چئیرمین، میونسپل کمیٹیاں، ٹاؤن کمیٹیاں، مئیر، ڈپٹی مئیر، چئیرمین و نائب چئیرمین میونسپل کنٹونمنٹ بورڈ، یونین اور وارڈ کمیٹیوں کے چئیرمین بھی معطل کیے جا رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ 25 جولائی تک ان بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے معطل ہونے کی وجہ سے شہروں میں صفائی اور سینیٹیشن کا نظام کسی صورت متاثر نہ ہو۔

پولنگ اسٹیشنز پر فوج کی تعیناتی کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے فوجی اہلکاروں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارت سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر تعینات فوجی اہلکاروں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوں گے اور تعینات فوجی اہلکار موقع پر سزا سنیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، فوجی اہلکار قوانین و ضوابط کی کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع پریزائڈنگ افسر کو دینے کے پابند ہوں گے، پریزائڈنگ افسر کی جانب سے مناسب کاروائی نہ ہونے پر فوجی اہلکار اپنے سینئر افسران کو آگاہ کریں گے۔

پولنگ اسٹیشنز پر فوجی اہلکار 23 جولائی سے 27 جولائی تک تعینات ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG