رسائی کے لنکس

مصر: کابینہ میں ردوبدل، اخوان کے مزید تین وزراٴ تعینات


مصر کی نئی کابینہ
مصر کی نئی کابینہ

مسٹر مرسی نے اسلامی مالیات کے ایک ماہر اور اخوان المسلمین تحریک کے اپنے ایک اتحادی ساتھی کو خزانے کے نئے وزیر کےطور پر مقرر کیا ہے

مصر کے اسلام پسند صدر محمد مرسی نےاپنی کابینہ میں ردوبدل کرتے ہوئے اخوان المسلمین کے وزراٴ کی تعداد میں اضافہ کیا ہے، جِس کا مقصد معاشی بحران سےنبردآزما ہونے کے لیے اپنی حکومت کی کارکردگی بڑھانا بتائی جاتی ہے۔


مصر کے وزرا ٴجنھوں نے اتوار کے روز عہدے کا حلف اُٹھایا اُن میں سے تین کا تعلق مسٹر مرسی کی اخوان المسلمین تحریک سے ہے۔


اخوان کےایک ترجمان نے بتایا ہے کہ کابینہ میں ردو بدل کےبعد کابینہ میں اخوان المسلمین کے وزرا کی تعداد پانچ سے بڑھ کر آٹھ ہوگئی ہے۔

مسٹر مرسی نے اسلامی مالیات کے ایک ماہر اور اخوان تحریک کے اپنے ایک اتحادی ساتھی کو خزانے کے نئے وزیر کےطور پر مقرر کیا ہے۔

المرسی حجازی مالیات کے سابق وزیر ممتاز السعید کی جگہ لیں گے، جِن پر اخوان المسلمین نے مصر کی فوج کے ساتھ قربت کا الزام لگایا تھا، جِس نے جون میں مسٹر مرسی کو اقتدار حوالے کرنے سے قبل ایک سال سے زائد عرصے تک ملک پر حکمرانی کی۔

ایک اور کلیدی تقرری کرتے ہوئے مسٹر مرسی نے نئے وزیر داخلہ کے طور پر محمد ابراہیم کو تعینات کیا ہے، جو احمد جمال الدین کی جگہ لیں گے، جِن پر الزام ہے کہ اُنھوں نے مصر کے نئے اسلام پسند آئین کے خلاف گذشتہ ماہ ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

مسٹر مرسی نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ معیشت پر اعتماد کی بحالی کی غرض سے وہ اپنی کابینہ میں ردوبدل کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سنہ 2011 کے بعد جب طویل عرصےسے اقتدار میں رہنے والے صدر حسنی مبارک کو عوامی بغاوت کے نتیجے میں اقتدار سے علیحدہ کیا گیا، ملک میں بیرونی سیاحوں کی آمد اور سرمایہ کاری کے شعبے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG