رسائی کے لنکس

فیس بُک نے سعودی حکام کے سیکڑوں مبینہ جعلی اکاؤنٹس بند کر دیے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک نے سعودی عرب کی حکومت سے متعلقہ سیکڑوں فیس بُک اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں۔

فیس بُک نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد فیس بُک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے سعودی حکومت کی حمایت میں پروپیگنڈا کر رہے تھے جن کے اکاؤنٹس کو اب بند کر دیا گیا ہے۔

فیس بُک کے مطابق 217 فیس بُک اکاؤنٹس، 144 فیس بُک پیجز، پانچ گروپس اور پانچ انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کیے گئے ہیں جو سعودی عرب کی حکومت سے تعلق رکھنے والے افراد استعمال کر رہے تھے۔

فیس بُک کی سائبر سکیورٹی پالیسی کے سربراہ نتھینیل گلاشا نے جمعرات کو کہا کہ جعلی اکاؤنٹس استعمال کرنے والوں نے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی لیکن ہماری معلومات کے مطابق وہ افراد سعودی حکومت سے تعلق رکھتے ہیں۔

گلاشا کے مطابق بند کیے جانے والے جعلی اکاؤنٹس سے محمّد بن سلمان اور ان کے معاشی و سماجی انقلابی پروگرام، ویژن 2030، یمن جنگ اور سعودی افواج کی کامیابیوں سے متعلق مواد شائع کیا جاتا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان جعلی فیس بُک اکاؤنٹس سے سعودی عرب کے پڑوسی ممالک پر تنقید بھی کی جاتی تھی جن میں ایران، قطر اور ترکی شامل ہیں۔

گلاشا کا کہنا تھا کہ ہم ایسے معاملات میں ملوث لوگوں کی شناخت اور انہیں روکنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ ان کے بقول وہ نہیں چاہتے کہ فیس بک کی سروس لوگوں کو بیوقوف بنانے کے لیے استعمال کی جائے۔

فیس بک کے مطابق کم از کم 14 لاکھ افراد ان اکاؤنٹس کو فالو کر رہے تھے۔

فیس بک نے ان اکاؤنٹس کے علاوہ مزید 259 اکاؤنٹس، 102 پیجز، پانچ گروپ اور 17 انسٹا گرام اکاؤنٹس بند کیے ہیں جو سعودی عرب کی حکومت سے متعلق لوگوں کے نہیں ہیں البتہ ان اکاؤنٹس سے بھی سعودی عرب کے پڑوسی ممالک پر تنقید کی جارہی تھی۔

XS
SM
MD
LG