رسائی کے لنکس

خود کو لالی یا بالی ووڈ تک محدود نہیں رکھنا چاہتا: فواد خان


فواد خان کا کہنا تھا کہ گو کہ بالی وڈ ایک بڑی فلم انڈسٹری ہے، یہاں زبان بھی ایک ہے، لیکن وہ خود کو بالی وڈ تک محدود نہیں رکھنا چاہتے

اپنی عمدہ اداکاری اور خوبصورت شخصیت کے عوض کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے پاکستانی اداکار خود کو ’عالمی اداکار‘ کے طور پر منوانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے انتھک محنت کے لیے تیار ہیں۔

بھارتی اخبار’ ٹائمز آف انڈیا‘ کا کہنا ہے کہ جب فوادخان سے یہ سوال کیا گیا کہ ان کے لئے بالی وڈ میں کام کرنا کتنا مشکل تھا؟ تو فوادخان کا کہنا تھا:

”اگر آپ کسی چیز کو مشکل تصور کریں گے تو وہ مشکل ہوگی۔ مشکلات غیر حقیقی توقعات رکھنے سے ہوتی ہیں۔ ہر آدمی زندگی میں آگے بڑھنا چاہتا ہے لیکن اس میں کچھ وقت لگتا ہے۔ بالی وڈ میں آکر اچھا کام کیا جس پر میں خوش ہوں۔“

فواد خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گو کہ بالی وڈ ایک بڑی فلم انڈسٹری ہے، یہاں زبان بھی ایک ہے، لیکن وہ خود کو بالی وڈ تک محدود نہیں رکھنا چاہتے بلکہ یہ چاہتے ہیں کہ ان کی پہچان عالمی اداکار کے طور پر ہو۔

فلم ”خوبصورت“ میں سونم کپور کے مقابل اپنے بالی وڈ کیریئر کا آغاز کرنے والے فوادخان نے کہا کہ دھرما پروڈکشنز بالی وڈ کا ایک بڑا بینر ہے اوراس کی آنے والی فلم ”کپور اینڈ سنز“ کا حصہ بننا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ اس فلم میں مجھے رتنا شاہ پاٹھک کے ساتھ ایک بار پھر کام کرنے کا موقع ملے گا۔ ان کی حس مزاح بہت اچھی ہے اوران کے ساتھ کام کرکے مجھے ہمیشہ مزہ آتا ہے۔“

”کپور اینڈ سنز“ کی کاسٹ میں فواد خان کے علاوہ رشی کپور، رجت کپور، سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ شامل ہیں۔ فلم 18 مارچ کو ریلیز ہوگی۔

XS
SM
MD
LG