رسائی کے لنکس

بائیڈن کا اسٹیٹ آف دی یونین خطاب، امریکی کانگریس کے گرد حفاظتی باڑ کی پھر تنصیب


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سابق صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سےجنوری 2021 میں امریکہ کی کانگریس پر کی جانے والی چڑھائی کے بعد عمارت کے ارد گرد حفاظتی باڑ لگائی گئی تھی البتہ بعد ازاں اسے ہٹا دیا گیا تھا۔ صدر جو بائیڈن کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب پر یہ باڑ ایک بار پھر لگائی جا رہی ہے۔

اس باڑ کو لگانے کی وجہ امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں آنے والے دنوں میں ٹرک ڈرائیوروں کا احتجاج ہے۔

کیپٹل پولیس کے چیف ٹام مینیجر نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ کیپٹل ہل کی عمارت کے ارد گرد حفاظتی باڑ لگائی جائے گی اور اس کے لگانے کے پیچھے انتہائی احتیاط پیشِ نظر ہے۔

واشنگٹن میں حکام کی جانب سے یہ اقدام ایسے موقع پر دیکھنے میں آیا ہے جب رواں ہفتے کرونا پابندیوں کے خلاف احتجاج کے لیے ٹرک ڈرائیور دارالحکومت میں احتجاج کرنے والے ہیں۔

پینٹاگان نے پہلے ہی 700 نیشنل گارڈ کے اہلکاروں کی واشنگٹن میں تعیناتی کی منظوری دے دی ہے جو مظاہروں کے دوران ٹریفک کی روانی میں مدد کریں گے۔

کینیڈا میں حالیہ دنوں میں ٹرک ڈرائیورں کی جانب سے کیے جانے والے مظاہروں کی طرز پر امریکہ میں بھی ٹرک ڈرائیور احتجاج کر رہے ہیں۔

اس سلسلے میں کئی ٹرک ڈرائیور آن لائن اس کی منصوبہ بندی کی تشہیر کر رہے ہیں۔ ٹرکوں کے ان قافلوں کے مختلف اوقات کار ہیں اور یہ مختلف مواقع پر دارالحکومت آئیں گے۔ ان میں سے کچھ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران بھی دارالحکومت میں داخل ہوں گے۔

ٹام مینیجر کا کہنا ہے کہ ان کی فورس کا کام امریکہ کی کانگریس اور اس میں جاری قانون سازی کے کام کو جاری رکھنے کے لیے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

جنوری 2021 میں ایک ہجوم کی جانب سے امریکہ کے ایوانِ نمائندگان کی عمارت میں گھسنے اور توڑ پھوڑ کرنے کے بعد کانگریس کی عمارت کے ارد گرد باڑ لگا دی گئی تھی۔ بہت سے لوگوں کے لیے یہ باڑ اس دن کے واقعات اور اس سے متعلق خوف کی علامت ہے۔

XS
SM
MD
LG